کویت نے تارکین وطن کو ملک واپسی کی اجازت دے دی

کویتی حکومت کی جانب سے منظورہ شدہ کرونا ویکسین لگوانے والے تارکین وطن کو یکم اگست سے کویت واپسی کی اجازت ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جون 2021 23:16

کویت نے تارکین وطن کو ملک واپسی کی اجازت دے دی
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2021ء) کویت نے تارکین وطن کو ملک واپسی کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کویتی حکومت نے بیرون ممالک پھنسے تارکین وطن کو ملک واپسی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کویتی میڈیا کے مطابق وہ تمام تارکین وطن جو کویت واپس آنے سے قاصر تھے، اب انہیں مشروط طور پر واپسی کی اجازت مل گئی ہے۔ اس حوالے سے کویتی حکام کا بتانا ہے کہ یکم اگست سے صرف ان تارکین وطن کو ملک واپسی کی اجازت ملے گی، جنہوں نے فائزر، آسٹرازینیکا، ماڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن میں سے کوئی بھی ویکسین لگوائی ہو۔

اگر کسی تارکین وطن نے کویتی حکومت کی منظوری شدہ مذکورہ 4 ویکسین کے علاوہ کسی اور کمپنی کی ویکسین لگوائی ہے، تو اسے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ کویتی حکومت کی منظورہ شدہ ویکسین لگوانے کے باوجود تارکین وطن کو اپنے ساتھ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی لانا ہوگی، جو 72 گھنٹے سے پرانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ کویت واپس آنے والے تارکین کو ملک میں داخل ہونے کے بعد ایک ہفتہ قرنطینہ بھی اختیار کرنا ہوگا۔

قرنطینہ سے نکلنے کی اجازت تب ہی ملے گی جب کویت میں کروائے گئے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی۔ یہاں واضح رہے کہ بیشتر خلیجی ممالک نے پاکستان سمیت کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے محنت کش تارکین وطن کی آمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ کویت نے تو تارکین وطن کو واپسی کی اجازت دینے کا اعلان کردیا، تاہم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے تاحال پاکستان سمیت کئی ممالک سے مسافروں کی براہ راست آمد پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی اور اماراتی حکام سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، امکان ہے پاکستان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کیلئے مسافر پروازوں کا جلد آغاز ہو جائے گا۔