شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ازبکستان کے مابین ریل کا منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دے گا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان، ازبکستان کے درمیان معاشی شراکت داری کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق

جمعہ 18 جون 2021 21:47

شاہ محمود قریشی کی ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون ..
انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں منعقدہ انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ، عبدالعزیز کامیلوف کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، ازبکستان کو وسط ایشیائی ممالک میں ایک اہم برادر ملک سمجھتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان عقیدے، مشترک تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کثیرجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی، گذشتہ تین برسوں میں ہمارے تجارتی و اقتصادی روابط میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت میرزیوئیف کے درمیان ہونیوالے پہلے ورچوئل سربراہی اجلاس کو دونوں جانب سراہا گیا ،اس ورچوئل اجلاس سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کا تجزیہ کرنے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے رہنمائی ملی - شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین ریل کا منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور عوامی روابط کو مزید فروغ دے گا، وزیر خارجہ نے کہا کہ اقتصادی تعاون کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم ازبکستان سمیت وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط بڑھانا چاہتے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں قیام امن نہ صرف افغانوں کیلئے بلکہ پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان، ازبکستان کے درمیان معاشی شراکت داری کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا