شہر میں چارجڈ پارکنگ مافیابے قابو، شہری انتظامیہ مکمل ناکام

جگہ جگہ پارکنگ مافیا قابض ہوگئے، ڈسٹرکٹ سائوتھ پارکنگ مافیا کیلئے جنت بن گئی ہے، گلوبل فائونڈیشن

ہفتہ 19 جون 2021 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) شہری انتظامیہ چارجڈ پارکنگ مافیا کو لگام دینے میں مکمل ناکام ہوگئی، جگہ جگہ پارکنگ مافیا قابض ہوگئے، ڈسٹرکٹ سائوتھ پارکنگ مافیا کیلئے جنت بن گئی، پارکنگ مافیا شہریوں سے یومیہ لاکھوں روپے بٹورنے لگے، اضافی رقم وصولی کی شکایات ملنے پر ڈائریکٹر چارچڈ پارکنگ سائوتھ پارکنگ مافیا پر معمولی جرمانے کرکے اپنی کرسی بچانے میں مصروف ہیں۔

شہریوں سے اضافی رقم وصول کرنے والے پارکنگ مافیا کیخلاف پولیس اور ٹریفک پولیس دیکھاوے کا آپریشن کرنے لگی، مافیا کیخلاف کریک ڈائون کرنے والے تمام ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سائوتھ میں شامل علاقے صدر، موبائیل مارکیٹ، بوہری بازار، بوٹ بیسن، ایم اے جناح روڈ، گل پلازہ، زیب النساء اسٹریٹ ، سمیت مختلف علاقوں میں پارکنگ مافیا کے قابض ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

موٹر سائیکل پارکنگ فیس 20 روپے تا 30روپے وصول کی جارہی ہے جبکہ گاڑی کی پارکنگ فیس 30روپے تا 100روپے تک وصول کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین لیگل ایڈ کمیٹی ایڈوکیٹ سپریم کورٹ ناصر رضوان خان کا کہنا ہے کہ چارچڈ پارکنگ مافیا کو لگام دینے والے تمام آفسران ایئر کنڈیشنر روم میں بیٹھے آرام کررہے ہیں، شہریوں سے وصول کی جانے والی رقم سے پولیس بھی اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں۔

متعدد بار چارجڈ پارکنگ مافیا کیخلاف الیکٹرونک میڈیا، پرنٹ میڈیا سمیت دیگر سوژل میڈیا نے نشاندہی کی ہے مگر انکے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا، معمولی جرمانے کرکے عوام کو چونا لگایا جاتا ہے۔ شہر کا کوئی بازار، شاپنگ مال، اسپتال یا کوئی گلی ایسی نہیں جہاں پارکنگ مافیا کے کارندے موجود نہ ہو۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ علاقہ پولیس پارکنگ مافیا کی سرپرستی کررہی ہے۔ شہری انتظامیہ سے اپیل ہے کہ پارکنگ مافیا کیخلاف سخت کریک ڈائون کریں اور شہریوں کو رقم کو ان ڈکیتوں سے تحفظ فراہم کریں۔