ون ونڈو احساس پروگرام سینٹر بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہی- علی نواز اعوان

احساس پروگرام اسلامی فلاحی ریاست کی جھلک پیش کرتا ہے ،ملک بھر میں ایسے 154 مراکز قائم کئے جائیں گے ڈاکٹر ثانیہ نشتر

بدھ 23 جون 2021 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2021ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ون ونڈو احساس پروگرام مثالی پروگرام ہے جس کے ڈیٹا کی وجہ سے عوام کو براہ راست سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی ، یہی وہ اسلامی فلاحی ریاست کی ایک جھلک ہے جس کا خواب وزیراعظم عمران خان نے دیکھا تھا- ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں قائم ملک کے پہلے ون ونڈو احساس پروگرام سینٹر کے دورے کے دوران کیا- اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے انہیں سینٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں احساس پروگرام کے مختلف شعبوں کے بارے میں بتایا- معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے ون ونڈو مرکز کے مختلف حصے دیکھے اور وہاں موجود سائلین سے مرکز کے بارے میں ان کی آرا بھی حاصل کیں- اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ احساس پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے اور سرکاری سہولتوں تک عوامی رسائی کا بہترین پلیٹ فارم ہے ون ونڈو مرکز کے قیام سے مستحق سائلین کو مزید سہولت ملی ہے انہوں نے کہا کہ یہ احساس پروگرام کی بدولت ہی ممکن ہوا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہوا جنہوں نے کرونا وائرس کے دوران اپنے شہریوں کو ریلیف پیکج فراہم کیا- انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا- ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اسلام آباد کا ون ونڈو مرکز ملک کا پہلا ایسا مرکز اور ملک بھر میں ایسے 154 مراکز قائم کئے جائیں گے