وفاقی حکومت نے بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا مستقل حل ڈھونڈ لیا

سرکاری اورنجی پاورپلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی، کےالیکٹرک بھی50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 25 جون 2021 20:33

وفاقی حکومت نے بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا مستقل حل ڈھونڈ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2021ء) وفاقی حکومت نے بجلی بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کا حل ڈھونڈ لیا، سرکاری اورنجی پاورپلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی، کےالیکٹرک بھی50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاور پلانٹس کو گیس کی عدم دستیابی کے باعث پیدا بجلی بحران سے نمٹنے کا حل تلاش کرلیا ہے، جس کے تحت حکومت نے سرکاری اور نجلی تھرمل پاورپلانٹس اور آئی پی پی پیز کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

فرنس آئل درآمد کرنے کا پاورڈویژن نے این اوسی بھی جاری کردیا ہے۔ این اوسی میں کہا گیا کہ بجلی بحران کے باعث پاورپلانٹس ضرورت کے مطابق فرنس آئل درآمد کر سکتے ہیں، مزید آئل درآمد کرنے سے پہلے مقامی فرنس آئل کو مکمل استعمال کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسرے پاور پلانٹس کی طرح کےالیکٹرک بھی50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی۔ بتایا گیا ہےکہ کےالیکٹرک کا 25 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل کا پہلا کارگو یکم جولائی کو پہنچے گا۔

پاور ڈویژن اور پٹرولیم ڈویژن مستقبل میں فرنس آئل کی طلب کو مدنظر رکھ کر ملکر کام کریں گے۔ پاورپلانٹس کو فرنس آئل پی ایس او کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے، اس وقت ملک میں 2 بڑے گیس فیلڈز قادرپور اور کُنر پساکی کی بندش کے باعث پاور پلانٹس کو گیس کی 50 فیصد سے زائد قلت کا سامنا ہے۔ اسی طرح وفاقی وزیر توانائی حما داظہر نے سی پیک کے تحت مٹیاری لاہور ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن منصوبے سے ہائی پاور ٹرانسمیشن کے آغاز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت سی پیک کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے، مٹیاری لاہور ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے سے ہمارا بجلی کا نظام مضبوط ہو گا اور بجلی کی ترسیل کی استعداد بڑھے گی، بجلی کے منصوبوں کے ذریعے عوام کی بنیادی ضروریات پوری کریں گے۔