شہباز شریف کوعزت کیساتھ دفتر لایا گیا،دورانِ تفتیش چائے اور کافی بھی پیش کی گئی‘ ایف آئی اے

کسی بھی سوال کا سنجیدگی سے جواب نہیں دیتے،اربوں جمع ہونے کے سوال پر کہتے ہیںمیٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی گاڑیوں ،پراپرٹی بارے سوال پر جواب ہوتا ہے بچوں سے پوچھیں، ترجمان کی ہراساں کرنے کے الزام کی سختی سے تردید

ہفتہ 10 جولائی 2021 20:13

شہباز شریف کوعزت کیساتھ دفتر لایا گیا،دورانِ تفتیش چائے اور کافی بھی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2021ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے ہراساںکئے جانے کے الزام پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے شہبازشریف کو ہراساں نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق شہباز شریف کسی بھی سوال کا سنجیدگی سے جواب نہیں دیتے،ان سے اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کے سوال پر جواب ملتا ہے کہ میں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی۔

شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ آپ کے ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکائونٹس میں جمع کرائے جس پر شہباز شریف کا جواب تھا کہ میں نے پنجاب کی بہت خدمت کی۔ ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ پوچھاجاتا ہے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی جس پر شہباز شریف کا جواب ہوتا ہے بچوں سے پوچھیں۔

(جاری ہے)

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ شہباز شریف کو ایف آئی اے کی جانب سے ہراساں نہیں کیا گیا۔

بیرونِ ممالک سے آنے اور بھجوائی جانے والی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں پوچھنے پر کہتے ہیں کہ میرے وکیل جواب دیں گے۔ شہباز شریف اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کیے جائیں۔شہباز شریف کوبڑی عزت کے ساتھ ایف آئی اے کے دفتر لایا گیا،دورانِ تفتیش چائے اور کافی بھی پیش کی گئی، انہیں ہراساں کرنے اور ان سے بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے کسی ایک سوال کا درست جواب نہیں دیا۔