شاہ سلمان کے لیے اعلی ترین عمانی اعزاز اور سلطان ہیثم کے لیے شاہ عبدالعزیز ایوارڈ

پیر 12 جولائی 2021 15:05

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے مملکت کے دورے پر آئے ہوئے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو کنگ عبدالعزیز ایوارڈ پیش کیا۔اسی طرح عمان کے سلطان نے بھی خادم حرمن شریفین کو آل سعید ایوارڈ پیش کیا۔ یہ عمان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقع پر شاہ سلمان ، سلطان ہیثم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں سعودی عمانی رابطہ کاری کونسل کی تاسیس کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

یادداشت پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور ان کے عمانی ہم منصب بدر بن حمد البوسعیدی نے دستخط کیے۔دستخط کی تقریب میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز ، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان اور وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی بھی موجود تھے۔اسی طرح دستخط کے موقع پر عمان کی جانب سے وزیر اعظم کے نائب برائے امور دفاع شہاب بن طارق آل سعید، عمانی دیوان کے وزیر خالد بن ہلال، سلطانی دفتر کے وزیر جنرل سلطان بن محمد النعمانی اور وزیر داخلہ حمود بن فیصل البوسعیدی بھی موجود تھے۔