لالہ موسیٰ، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے ٹی ایچ کیو کھاریاں میں ڈائیلسز سنٹر کی تعمیر سمیت 6 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی

بدھ 14 جولائی 2021 17:00

لالہ موسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے ٹی ایچ کیو کھاریاں میں ڈائیلسز سنٹر کی تعمیر سمیت 6 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے،کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل دیگر 26 سکیموں کے پی سی ون آئندہ ہفتے کے آغاز تک منظوری کے لئے متعلقہ فورم تک پہنچ جائیں۔ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر منعقد ہو ا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ نے منصوبے بارے بریفنگ دی، کمیٹی میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں ڈائیلسز سنٹر کھاریاں کی تعمیر پر 50 ملین روپے خرچ ہوں گے،سنٹر 10 بیڈ ز پر مشتمل ہو گا جس میں 6 ڈائیلسز مشینیں لگائی جائیں گی۔

کمیٹی نے دیگر جن منصوبوں منظوری دی ان میں جی ٹی روڈ تا لالہ چک روڈ،کوٹ متہ سے چک ڈھلو روڈ،نتھر روڈ، نتھر میں سڑکوں،گلیوں اور سیوریج کے منصوبے،سرگودھا روڈ فیض آبا د میں سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں، ان منصوبوں پر 64 ملین روپے اخراجات کا تخمینہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل 1130 ملین روپے لاگت کے 8 منصوبوں کی منظوری،کمشنر آفس 1281 ملین روپے کی12 منصوبوں کی منظوری کا فورم محکمہ جات کی ترقیاتی کمیٹی اور 13629 ملین روپے کے 8 منصوبوں کی منظوری کے لئے مجاز فورم پی اینڈ ڈی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایگزیکٹیو انجینئرز تما م نئے پراجیکٹس پی سی ون کی دی گئی ڈیڈ لائن میں تیاری مکمل کریں اور اگلے ہفتے تک اسے متعلقہ مجاز فورم تک پہنچ جانا چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے واضع کیا کہ حکومت پنجاب کو فوکس تمام ترقیاتی منصوبوں پر بروقت کام کا آغاز اور انکی مقررہ مدت میں تعمیر ہے، کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی۔