پی سی بی کی نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان کے دوران 3 کی بجائے 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی پیشکش

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے پیش نظر نیوزی لینڈ کو ٹی ٹونٹی میچز کی تعداد بڑھانے کی پیشکش کی ہے: ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 15 جولائی 2021 17:14

پی سی بی کی نیوزی لینڈ کو دورہ پاکستان کے دوران 3 کی بجائے 5 ٹی ٹونٹی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جولائی 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ پاکستان کے موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کو 2 اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی پیش کش کی ہے۔ نیوزی لینڈ 18 سال میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گا جہاں وہ تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گا ۔ چونکہ یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل ہوگی اس لیے پی سی بی نے نیوزی لینڈ کو 3 کی بجائے 5 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کی پیش کش کی ہے ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر نیوزی لینڈ کو ٹی ٹونٹی میچوں کی تعداد بڑھانے کی پیش کش کی ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے رواں سال ستمبر، اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ ہمارا ارادہ ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ کریں اور ہم پی سی بی اور ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔