حکومت کے آئی ٹی کے فروغ کیلئے اقدامات سے آئی ٹی شعبہ نے ریکارڈ ترقی کی ہے‘ فردوس عاشق اعوان

ملک کی تاریخ میں پہلی بار بزدار حکومت نے جامع اور مربوط صنعتی پالیسی دی‘ معاون خصوصی برائے اطلاعات

جمعرات 15 جولائی 2021 23:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سیالکوٹ سمیت صوبہ بھر میں انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جدید پروگرامز کا اجرا ء کیا جا رہا ہے۔

سکلڈ یوتھ کا عالمی دن کے موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مقامی انڈسٹری اور یوتھ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے شروع کردہ تربیتی پروگرام ای روزگار کے ذریعے نوجوان طبقہ کو با اختیار کیا جا رہا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ہنر مندوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت اداروں میں جدت لیکر آئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ٹی شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے آئی ٹی کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات کی بدولت آئی ٹی شعبہ نے ریکارڈ ترقی کی ہے۔ ای روزگار پی ٹی آئی حکومت کاجدت کا آئینہ دار پروگرام ہے جس کے ثمرات سے قوم بخوبی مستفید ہو رہی ہے۔

ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے وہ گھر بیٹھے آن لائن کام کر کے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ موجودہ حکومت اس منصوبے کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے ای کامرس کے اہم شعبے کو بھی ای روزگار تربیت کا حصہ بنادیا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق ایوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں 71 ہزار افراد کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کرنا اور 45 تربیتی مراکز کا قیام اس منصوبے کے آئندہ اہداف میں شامل ہے۔

اب تک 31 ہزار سے زائد امیدواروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ ان میں خواتین کی تعداد54فیصد ہے۔مزید 4ہزار افراد زیرتربیت ہیں۔ ای روزگار پروگرام میں 3ماہ کی مفت تربیت دی جاتی ہے۔صوبہ پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں 31 مراکز فعال ہیں، جن میں سے 5 مراکز خواتین کے لئے مختص ہیں۔ پروگرام سے تربیت پانے والے نوجوان اب تک ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد کا زرمبادلہ کما چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ انڈسٹری کے فروغ و جدت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ کی سپورٹس گڈز انڈسٹری کیلئے سیالکوٹ میں میٹریل ٹیسٹنگ لیب کا اجرا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ صنعتی مزدوروں کیلئے ہاؤسنگ کالونی کیلئے لیبر ڈیپارٹمنٹ سے ملکر کام کریں گے۔ روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ملکی ترقی کے لئے اسپیشل اکنامک زون بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار بزدار حکومت نے جامع اور مربوط صنعتی پالیسی دی۔ 5سالہ صنعتی پالیسی کے اہم خدوخال میں 10 فیصد سالانہ صنعتی ترقی،ہرسال 12 لاکھ افراد کو روزگار کی فراہمی،ہر سال 5 لاکھ افراد کو فنی تربیت کی فراہمی،ترجیحی معاشی صنعتوں کے فروغ اوراُن کے معیار کی بہتری کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت آنے سے قبل صوبے میں صرف 3 سپیشل اکنامک زون تھے۔ پنجاب حکومت نے 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام پر بیک وقت کام کا آغاز کیا۔ پنجاب حکومت نے وھاڑی،بھلوال،رحیم یارخان، فیصل آباد اور بہاولپور میں 5 سپیشل اکنامک قائم کر دیئے۔ 13 سپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ سپیشل اکنامک زونز میں 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اورپہلی بار درآمدی مشینری پر زیرو ڈیوٹی کی سہولت۔

مظفر گڑھ،لیہ چوبارہ کے نزدیک ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ 20 ہزار ایکڑ پر بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ لاہور،سیالکوٹ موٹروے پر انڈسٹریل اسٹیٹ پنجاب حکومت کا بڑا تحفہ ہے۔ صنعتی اشیاء کی فروخت کے لئے آن لائن پورٹل کا قیام۔ہنر مند افراد کو ملکی اور غیر ملکی خریداروں سے رابطہ کے لئے پورٹل عمل میں لایا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ٹیوٹا کے زیر اہتمام سکلز کونسل کی تشکیل دی جا رہی ہے۔انڈسٹری کے ساتھ روابط مضبوط ہونگے اور صنعت کی ضروریات کے مطابق کورسز مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔ ٹیوٹا نے نیوسکل ایکو سسٹم کے تحت روایتی نظام کو بدلہ ہے،دنیا کے 130 ممالک میں رائج سی بی ٹی اینڈ اے پروگرام کو اپنایا۔