روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں زیادہ تر غریب لوگوں نے رقم جمع کی ہے ، اکثریت کا تعلق مشرق وسطیٰ کے ممالک سے ہے ،علی محمد خان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان 75ویں یوم آزادی کے موقع پر یاد گاری نوٹس جاری کرنے کا ارادہ رکھتاہے،نوٹ معیاری ہونا چاہیے، وزیرمملکت کا سینٹ میں جواب

جمعہ 16 جولائی 2021 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) سینٹ کوبتایاگیا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں زیادہ تر غریب لوگوں نے رقم جمع کی ہے ، اکثریت کا تعلق مشرق وسطیٰ کے ممالک سے ہے ،جمع ہونے والی رقم پر ٹیکس استثنیٰ ہے پیسے واپس بھی منگوا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیر مملکت علی محمد خان نے سینیٹ میں وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں زیادہ تر غریب لوگوں نے رقم جمع کی ہے ،ان میں اکثریت کا تعلق مشرق وسطیٰ کے ممالک سے ہے ،12جولائی 2021تک 1.7ارب ڈالر جمع ہوئے ہیں،اس اکاؤنٹس میں جمع ہونے والی رقم پر ٹیکس استثنیٰ ہے پیسے واپس بھی منگوا سکتے ہیں۔

لیڈر ایمان دار ہو تو لوگ پیسے بھیجتے ہیں۔لیڈر ایمان دار نہ ہو تو لوگ پیسے چھپا لیتے ہیں، اسٹیٹ بینک آف پاکستان 75ویں یوم آزادی کے موقع پر یاد گاری نوٹس جاری کرنے کا ارادہ رکھتاہے،نوٹ معیاری ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ چھوٹے کرنسی نوٹ غیر معیاری ہیں ان کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔اس کو ٹھیک کرلیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں ہر دوسرا شاعر ہے اس لیے کرنسی نوٹ پر لکھتے ہیں، عوام اس حوالے سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔چیرمین سینیٹ نے ہدایت کہ کہ اسٹیٹ بینک اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں تاکہ لوگ کرنسی نوٹس پر نہ لکھیں۔