حکومت سے اپیل ہے خاندانی جائیداد میں حق دلایا جائے ،میر مقصود احمد لہڑی

عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں جب تک ہماری خاندانی جائیداد کی شرعی و قانونی تقسیم نہیں ہوجاتی خریدو فروخت نہ کریں،کوئٹہ کے رہائشی کی اپیل

پیر 19 جولائی 2021 20:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2021ء) کوئٹہ کے رہائشی میر مقصود احمد لہڑی نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ خاندانی جائیداد میں انہیں حق دلایا جائے ،عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ جب تک ہماری خاندانی جائیداد کی شرعی و قانونی تقسیم نہیں ہوجاتی خریدو فروخت نہ کریں۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ 22مئی 2021ء کو میرے والد میر محمد عالم لہڑی کا کراچی میں انتقال ہوگیا والد کے انتقال کے بعد میرے چھوٹے بھائی حسنین لہڑی اور میری والدہ نے مجھے گھر سے نکلنے کیلئے کہا اور کہا کہ آپ واپس لندن چلے جاو کیونکہ میں اس سے قبل میں 12سال تک لندن میں تھا والد کے انتقال کے بعد حسنین لہڑی اور میری والدہ کی نیتوں میں فرق آگیا اورانہوں نے مجھے دھمکیاں دینا شروع کردیں اور مجھے ٹارچر کرتے رہے اور گھر سے باہر نکال دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی جان کا خطرہ ہے جس کے بعد میں اپنے چچا کے گھر کوئٹہ میں رہائش پذیر ہوں کوئٹہ میں میری سوتیلی والدہ اورسوتیلی بہن بھی رہائش پذیر ہیں میں نے ان سے رابطہ کیا اور کبھی کبھارانکے پاس جاتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میرے والد اے لیول کے ٹھیکیدار تھے اورایک ٹھیکے کا کام فیصل آباد میں بھی چل رہا ہے اور میدے والد کے مستونگ ،کوئٹہ ،سکھر،کچھی ،کراچی اور لاہورمیں بنگلے ،زمینیں اور جائیدادیں ہیں جن کی مالیت لگ بھگت20سے 25کروڑ روپے بنتی ہے جنہیں میرا چھوٹا بھائی حسنین لہڑی اور میری والدہ ہڑپ کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وارثت کے بارے میں والد کی جائیداد اور بینک بیلنس کے حوالے سے علما کرام سے اپنے خاندان کے نام شرعی فتویٰ بھی جاری کروایا جس میں میرا نام(مقصود احمد ، حقیقی بھائی ،حقیقی ماں ،حقیقی بہن کے علاوہ سوتیلی ماں اورسوتیلی بہن کے نام شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وارثت کی تقسیم کے حوالے سے میری سوتیلی ماں اور سوتیلی بہن نے مجھے ،میری حقیقی ماں اور حقیقی بہن کو بذریعہ وکیل وارثت کی تقسیم کے حوالے سے 12جولائی کولیگل نوٹس بھی بھجوایا ہے جو انکا شرعی وقانونی حق ہے ۔

انہوں نے صوبائی حکومت ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اوردیگر حکام سے اپیل کی کہ اسے والد کی جائیداد میں حق دلایا جائے ۔مقصود لہڑی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ جب تک انکی خاندانی جائیداد کی شرعی و قانونی تقسیم نہیں ہوجاتی خریدو فروخت نہ کریں بصورت دیگر نفع و نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے۔