سیلاب سے تباہ قصبے میں رپورٹنگ سے قبل کپڑوں پر کیچڑ لگانے پر جرمن رپورٹر نے معذرت کرلی

سیلاب سے تباہ قصبے سے صاف کپڑوں میں رپورٹنگ کرنا باعث شرم محسوس ہورہا تھا،چینل کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر معذرت خواہ ہوں، غلطی ہوئی،اوہلن

ہفتہ 24 جولائی 2021 12:25

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) جرمنی میں پچھلے ہفتے سیلاب سے تباہ ہونے والے ایک قصبے سے رپورٹنگ سے قبل ایک جرمن رپورٹر نے اپنے کپڑوں پر کیچڑ لگانے پر معذرت کرلی۔39 سالہ سوزینا اوہلن نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ عمل اس لئے کیا کیونکہ انہیں اس قصبے سے صاف کپڑوں میں رپورٹنگ کرنا باعث شرم محسوس ہورہا تھا۔

(جاری ہے)

اوہلن نے کہا کہ وہ پروگرام گڈ مارننگ جرمنی کی عکس بندی سے قبل امدادی کاموں میں مدد فراہم کررہی تھیں لیکن آن ائیر ہونے سے پہلے انہیں صاف کپڑوں میں کیمرے کے سامنے کھڑا ہونے میں شرم محسوس ہوئی۔

اس لئے انہوں نے بغیر سوچے سمجھے اپنے کپڑوں پر کیچڑ لگا لیا۔انہوں نے کہا کہ اٴْسی وقت ان کے گندے ہاتھوں اور کپڑوں کی ویڈیو کسی کی جانب سے بنائی گئی جسے بعد میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوگئی ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ دوسری جانب ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر چینل نے معطل کردیا ہے۔اپنے اس عمل پر معذرت کرتے ہوئے اوہلن نے اپنے بیان میں کہا کہ 'میرے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا‘۔

متعلقہ عنوان :