حذیفہ ابراہیم نے امریکہ میں انڈر 17 جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ جیت لی

پاکستانی کھلاڑی نے امریکی حریف ہولس رابرٹسن کو 12-10، 6-11، 9-11 اور 7-11 سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 جولائی 2021 15:27

حذیفہ ابراہیم نے امریکہ میں انڈر 17 جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ جیت ..
ہیرس برگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جولائی 2021ء ) پاکستان کے محمد حذیفہ ابراہیم کی انٹرنیشنل جونئیر سکواش ایونٹس میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی ریاست پسنلوینیا میں کھیلی جانے والی انڈر 17 چیمپئن شپ میں حذیفہ ابراہیم کو پہلے میچ میں بائی ملی تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنے اگلے چاروں میچز لگاتار جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا ۔

فائنل میں حذیفہ ابراہیم نے امریکی حریف ہولس رابرٹسن کو مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ حذیفہ کی کامیابی کا سکور 12-10، 6-11، 9-11 اور 7-11 رہا ۔

(جاری ہے)

حذیفہ ابراہیم نے کیریئر کا 26 واں ٹائٹل جیتا ہے۔ محمد حذیفہ ابراہیم 4 سال قبل اس وقت شہ سرخیوں میں آئے جب انہوں نے انڈر 13 ہیوسٹن جونیئر انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارتی نژاد امریکی کھلاڑی کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ۔

حذیفہ کی بین الاقوامی سطح پر یہ 7ویں بڑی کامیابی تھی۔ پاکستان کی تاریخ سکواش کے حوالے سے بڑی روشن ہے جہاں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے 80 اور 90 کی دہائی میں دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔