مسجد حرام میں عمرہ سیزن کی تیاریاں تیز ، یومیہ آب زمزم کی ایک لاکھ بوتلوں کی تقسیم

داخلی راستوں اور سیڑھیوں پر خصوصی بیگوں کی حامل ٹیمیں آب زمزم پلانے کے لیے مصروف ہوتی ہیں،انتظامیہ

بدھ 28 جولائی 2021 16:40

مسجد حرام میں عمرہ سیزن کی تیاریاں تیز ، یومیہ آب زمزم کی ایک لاکھ بوتلوں ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) حرمین شریفین کی انتظامیہ نے عمرہ سیزن کے لیے اپنی تیاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک مربوط نظامِ عمل وضع کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔ اسی نظام کے تحت حرم شریف میں نمازوں کے مقامات، مطاف اور صحنوں آب زمزم کی تقسیم کو بھی بڑھا دیا گیا ہے اور پانی کے چھڑکا ئووالے پنکھوںکا نظام مزید فعال بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انتظامیہ کے نگران اعلی کے سکریٹری محمد الجابری نے واضح کیا کہ مذکورہ پنکھوں کی مدد سے مسجد حرام کے صحنوں میں ہوا کو ٹھنڈا کیا جاتا ہے۔ مسجد کے صحنوں میں ان پنکھوں کی مجموعی تعداد 250 ہے۔الجابری کے مطابق سقیا زمزم کی انتظامیہ مسجد حرام کے صحنوں سے لے کر بیت اللہ پہنچنے تک معتمرین کے لیے زمزم کی بوتلیں اور پیک تقسیم کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں حرم کے اندر روزانہ ایک لاکھ کے قریب بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔مزید یہ کہ داخلی راستوں اور سیڑھیوں پر خصوصی بیگوں کی حامل ٹیمیں آب زمزم پلانے کے لیے مصروف ہوتی ہیں۔ علاوہ ازیں روبوٹس کے ذریعے بھی آب زمزم کی تقسیم عمل میں آ رہی ہے۔ اس طریقہ کار میں انسانی مداخلت نہیں ہوتی ہے۔