پنجاب میں اب کوئی بھی غیرقانونی یاغیررجسٹرڈ بلڈ بنک نہیں چل سکتا، خون کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں‘یاسمین راشد

پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں بلڈ بنکس کی ذمہ داری انتظامیہ کے پاس ہوگی، نجی سیکٹرمیں نئے اور جدیدبلڈ بنکس دیکھناچاہتے ہیں آئندہ غیررجسٹرڈ بلڈ بنکس کو وارننگ نہیں بلکہ مکمل بندکردیاجائے گا،بلڈ بنکس میں محفوظ خون کی ترسیل میں کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کرسکتے‘وزیر صحت

جمعہ 30 جولائی 2021 21:03

پنجاب میں اب کوئی بھی غیرقانونی یاغیررجسٹرڈ بلڈ بنک نہیں چل سکتا، خون ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2021ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اپرمال پر پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کے نئے دفترکافتتاح کردیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد عامرجان،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر،سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی ڈاکٹرشہنازنسیم، پروفیسرجاویدچوہدری اور پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کے بورڈ ممبران موجودتھے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کا نیادفتردیکھ کربہت خوشی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کودرست سمت پرلانے پرڈاکٹرشہنازنسیم اور ان کے عملہ کو شاباش اور مبارکباددیتی ہوں۔پنجاب میں اب کوئی بھی غیرقانونی یاغیررجسٹرڈ بلڈ بنک نہیں چل سکتا۔پنجاب کے بلڈ بنکس میں خون کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

تمام سرکاری و نجی بلڈ بنکس کے عملہ کی تربیت کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ بلڈ بنکس میں خون کو محفوظ بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ڈاکٹرشہنازنسیم نے محنت سے پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کواپنے پاؤں پرکھڑاکیاہے۔آج پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو نئے دفترکاافتتاح کرکے ازسرنوفعال کیاگیاہے۔پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی میں شکایات کے ازالہ کیلئے باقاعدہ شکایت سیل قائم کیاگیاہے۔

پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں بلڈ بنکس کی ذمہ داری انتظامیہ کے پاس ہوگی۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ نجی سیکٹرمیں نئے اور جدیدبلڈ بنکس دیکھناچاہتے ہیں۔پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے نجی سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پنجاب کے تمام بلڈ بنکس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔آئندہ غیررجسٹرڈ بلڈ بنکس کو وارننگ نہیں بلکہ مکمل بندکردیاجائے گا۔

پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی نے ابھی تک 1097بلڈ بنکس کی انسپکشن کی ہے۔بلڈ بنکس میں محفوظ خون کی ترسیل میں کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کرسکتے۔کسی بھی مریض کے علاج میں خون بنیادی حیثیت رکھتاہے۔انشاء اللہ بلڈ بنکس کو بین الاقوامی معیارکے مطابق چلائینگے۔صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ اگلے 6ماہ کے دوران تمام بلڈ بنکس کو رجسٹرکرنے کی کوشش کی جائیگی۔

پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی میں ایس این ایزکے مطابق عملہ بھرتی کیاگیاہے۔پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو تمام درکاروسائل مہیاکئے جارہے ہیں۔عوام سے رجسٹرڈ بلڈ بنکس کے علاوہ کسی بھی غیررجسٹرڈ بلڈ بنک سے خون نہ لینے کی اپیل کرتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے کسی بھی شعبہ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی۔

بدعنوانی کی شکایت پرفوری تحقیقات کی جاتی ہیں۔پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں کی پیتھالوجی لیبزمیں تمام سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو ایک کمرہ سے باہرنکال کرباقاعدہ دفترمیں منتقل کردیاہے۔ٹیچنگ ہسپتالوں کے زیرانتظام بلڈ بنکس بہت اچھے طریقے سے چل رہے ہیں۔پنجاب میں ویکسی نیشن کی بہت بڑی مہم چلارہے ہیں۔

ہمارے مخالفین نے بھی کوروناپرقابوپانے کیلئے پنجاب کے اقدامات کو سراہاہے۔گذشتہ روز 5لاکھ سے زائدافرادکی ویکسی نیشن کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکوشاباش دیتی ہوں۔گذشتہ6ماہ سے پنجاب میں دن رات ویکسی نیشن جاری ہے۔این سی اوسی نے پنجاب میں ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرنے پر باقاعدہ سراہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں لوکل پرچیزبارے تحقیقات ہرقیمت پرمکمل کی جائینگی۔

سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمدعامرجان خود لوکل پرچیزکی تحقیقات کو مانیٹرکررہے ہیں۔عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کیاجائے گا۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی آسانی کیلئے ادویات کی مدمیں اربوں روپے بجٹ دیاجاتاہے۔حکومت عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے کی ذمہ دارہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذریعے نجی سیکٹر کوبلڈ بنکس قائم کرنے کیلئے لون دیاجارہاہے۔

پنجاب میں اس وقت 70فیصدڈیلٹاویریئنٹ موجودہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ڈیلٹا ویریئنٹ کی شدت اور پھیلاؤ بھی زیادہ ہے۔عوام سے کوروناوائرس سے بچنے کیلئے ماسک سمیت تمام احتیاطی تدابیرپر عملدرآمدکرنے کی اپیل کرتے ہیں۔پنجاب میں روزانہ 17ہزار سے زائد کوروناٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔ہرمتاثرہ شخص کے ساتھ منسلک اوسط15افرادکا کوروناٹیسٹ کیاجاتاہے۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے اس موقع پر کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی ہدایت کے مطابق تمام ڈی ایچ کیوزاور ٹی ایچ کیوزمیں بلڈ بنکس کو مکمل فعال کیاجائیگا۔پنجاب کے تمام بلڈ بنکس کو ازسرنوفعال کرنے کا بہت اچھافیصلہ کیاگیاہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد عامرجان نے کہا کہ تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کو بلڈ بنکس کی ذمہ داری لینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی ڈاکٹرشہنازنسیم نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکے ویژن کے مطابق پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کو درست سمت پرگامزن کردیاگیاہے۔پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی عوام کو محفوظ خون کی ترسیل کی یقینی دہانی کرواتی ہے۔وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے بعدازاں پنجاب بلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی کے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے اجلاس کے دوران پنجاب بلڈٹرانفیوژن اتھارٹی کے نمایاں افسران کے درمیان تعریفی اسنادبھی تقسیم کیں۔ ڈاکٹرشہنازنسیم نے وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد، سارہ اسلم اورمحمدعامرجان کو یادگاری شیلڈزبھی پیش کیں۔