اسیر سالم زیدات کی طرف سے اسرائیل عدالت میں دائراپیل مسترد

صہیونی حکام فلسطینی اسیران پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے مکروہ حربے استعمال کررہے ہیں،محکمہ اموراسیران

ہفتہ 31 جولائی 2021 16:32

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے فلسطینی اسیر سالم زیدات کے وکلا کی طرف سے دائر اپیل مسترد کر دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سالم زیدات کے وکلا نے اسرائیلی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سالم زیدات 19 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیلی سپریم کورٹ اسیر کی رہائی کے احکامات جاری کرے۔

(جاری ہے)

فلسطینی محکمہ اموراسیران کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پراسیکیوٹر نے اسیر سالم زیدات کی انتظامی قید میں مزید تین ماہ کی توسیع کی درخواست کی تھی تاہم اسیر زیدات نے سزا میں تجدید کی تجویز مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔فلسطینی امور اسیران نے اسیر سالم زیدات کی صحت اور اس کی زندگی کو لاحق خطرات کی تمام تر ذمہ داری صہیونی حکومت پرعاید کی اور کہا کہ صہیونی حکام فلسطینی اسیران پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے مکروہ حربے استعمال کررہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہیں۔