کورونا کے خوف سے بیٹیوں نے والد کی لاش کو تین دن تک گھر میں چُھپائے رکھا

والد کی لاش کو چُھپائے رکھنے کے دوران ایک بیٹی نے خود کُشی کر لی ، دوسری کو بچا لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 اگست 2021 16:24

کورونا کے خوف سے بیٹیوں نے والد کی لاش کو تین دن تک گھر میں چُھپائے رکھا
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اگست 2021ء) : عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف قسم کی ویکسینز متعارف کروائی گئیں لیکن اس وائرس کے نئے ویرئینٹ سامنے آنے پر وائرس کی وجہ سے خوف و ہراس میں مزید اضافہ ہو گیا، جبکہ کورونا وائرس کی رپورٹ پازیٹیو آنے پر اکیلے قرنطینہ کرنے سے بھی کچھ لوگ گھبرانے لگے اور اسی خوف کے مارے کئی لوگوں نے کورونا ٹیسٹ ہی کروانے سے انکار کر دیا تاہم بھارت میں حال ہی میں ایک گھر سے لاش برآمد ہوئی ، اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ لاش ریٹائرڈ راشن افسر ہری داس سہرکر کی ہے جسے ان کی دونوں بیٹیوں نے کورونا کے خوف سے گھر میں چُھپائے رکھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر مہاراشٹر کے پال گھر ضلع کے ویرار میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 2 بیٹیوں نے کورونا کے خوف سے والد کی لاش کو تین دن تک گھر میں رکھا ۔

(جاری ہے)

اس دوران ایک بیٹی نے کورونا کے خوف سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی بھی کرلی جبکہ خودکشی کی کوشش کرنے والی دوسری بیٹی کو بچا لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہری داس کی بیٹیوں کو یہ خوف تھا کہ والد کی موت کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور اگر رپورٹ مثبت آ گئی تو انہیں الگ کرکے بند کردیا دیا جائے گا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ہری داس کی اتوار کو گھر پر ہی موت ہوگئی تھی جس کے بعد اہل خانہ نے کورونا کی زد میں آنے کے ڈر سے اس کی لاش کو گھر پر رکھ دیا ۔ مرنے والے شخص کی بڑی بیٹی نے کورونا کے خوف سے نواپور میں سمندر میں کود کر خودکشی کرلی اور اس کی لاش منگل کو پولیس نے برآمد کرلی جبکہ چھوٹی بیٹی نے اسی طرح خودکشی کرنے کی کوشش کی لیکن اس کو بچالیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سہرکر کی چھوٹی بیٹی نے دن میں نواپور میں سمندر میں چھلانگ لگادی اور مقامی لوگوں نے اس کو بچالیا تھا۔ بعد ازاں ریٹائرڈ راشن افسر ہری داس سہرکر کی مسخ شدہ لاش بدھ کو ویرار کے گوکل قصبہ میں ان کے گھر سے برآمد کیا گیا۔