حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا،عارف شاہ

عوام، تاجر اور کاروباری حضرات مل کر اسلام آباد کو مثالی بنا سکتے ہیں، کارنر میٹنگز سے خطاب

جمعرات 12 اگست 2021 21:33

ٴپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2021ء) حلقہ این اے 54 سے امن ترقی پارٹی کے نامزد امیدوار و ممتاز تاجر رہنما ء محمد عارف شاہ نے کہا ہے کہ عوام، تاجر اور کاروباری افراد ملکر اسلام آباد کو مثالی شہر بنا سکتے ہیں، امن ترقی پارٹی عوام کا براہ راست اختیار اور اقتدار میں شراکت چاہتی ہے، محمد عارف شاہ مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر سہیل احمد ملک، اویس خان اور ارسلان شاہ بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی ہر سطح پر پالیسی ساز بورڈز بنائے گی، جہاں عوامی مسائل کے حل کیلئے عوام خود کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو ناانصافی، مہنگائی اور پسماندگی کے سوا کچھ نہیں دیا، وقت آچکا ہے کہ عوام بیدار ہوں اور نئے لوگوں کو منتخب کریں، اس موقع متعدد افراد نے امن ترقی پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور بھرپور عوامی مہم چلانے کا اعلان کیا، محمد عارف شاہ نے کہا کہ اس یوم آزادی پر ہم عہد کرتے ہیں کہ تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔