سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے ، وزیراعظم

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو معیشت کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں ، جس کے لیے کاروبار میں آسانی کو یقینی بنایا جائے۔ اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 اگست 2021 12:28

سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے ، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا ، جس میں ملک میں معاشی تبدیلی کے لیے بڑے شعبوں میں اصلاحات کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت خاص طور پر گیس اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ، جس کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو معیشت کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں ، اس کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اصلاحات کاعمل تیز کیا جائے ، کاروبار میں آسانی کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ برآمدات میں تنوع اور درآمدات کے متبادل کی بھی تلاش کی جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 6 کروڑ آبادی والے شہروں کا ماسٹر پلان جلد تیار کیا جائے، ہائی رائزعمارتوں کی دیکھ بھال کے اصول وضع کیے جائیں ، ان کی جانب سے یہ ہدایات قومی رابطہ کمیٹی ہاؤسنگ کے اجلاس میں جاری کی گئیں ، جس میں وفاقی وزرامعاونین خصوصی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی اس کے علاوہ چاروں صوبوں سے اعلیٰ افسران بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ، اجلاس کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شہروں کے ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 28 شہروں کیلئے ماسٹر پلاننگ پر کام جاری ہے، جن کی آبادی 6 کروڑ 47 لاکھ ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ ماسٹر پلان تیار کرنے کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیا جائے، ہائی رائزعمارتوں کی دیکھ بھال کیلئے اصول وضع کیے جا رہے ہیں، تاکہ تعمیر کے بعد لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو ، زون 3 کے گرین ایریازکے تحفظ کیلئے بھی حکمت عملی مرتب کرلی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہری آبادیوں کے بےہنگم پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، گرین بیلٹس کے تحفظ اور قدرتی آفات سے بچاؤ کی جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ، مارگلہ کی پہاڑیوں اور دیگر سیاحتی مقامات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔