یوم دفاع ویمن سائیکل ریس کی تینوں اولین پوزیشز پاکستان آرمی نے حاصل کرلیں

اتوار 5 ستمبر 2021 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2021ء) پاکستان آرمی کی خواتین کھلاڑیوں نے یوم دفاع کی مناسبت سے اتوار کو کراچی میں منعقدہ یوم دفاع ویمن سائیکل ریس میں تینوںاولین پوزیشنزحاصل کرلیں۔ کمشنر کراچی نوید احمد شیخ نے کمشنر ہائوس کلب روڈسے فلیگ آف کرکے سائیکل ریس کا افتتاح کیا۔پاکستان آرمی کی حمیرابلوچ نے "ڈی ایم سی ساتھ ڈیفنس ڈے ویمن سائیکل ریس" میں پہلی پوزیشن حاصل کی انہوں نے 8 کلومیٹر کافاصلہ 22 منٹ اور 30 سیکنڈ میں مکمل کیا، پاکستان آرمی کی ہی سمیرابلوچ نے 22 منٹ 42 سیکنڈ کے ساتھ دوسری، پاکستان آرمی کی ہی طیبہ امدادبلوچ نے 22 منٹ اور 58 سیکنڈ میں فاصلہ طے کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے ڈی ایم سی سائوتھ کے زیراہتمام اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ویمن سائیکل ریس کاآغاز کمشنر ہائوس کلب روڈسے ہواجب کمشنر کراچی نوید احمد شیخ نے فلیگ آف کرکے ریس کاافتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ساتھ ڈاکٹر افشاں رباب سید، میونسپل کمشنرساتھ اخترعلی شیخ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،وسیم ہاشمی، خالد شمسی، غلام محمد خان، اصغر بلوچ،سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی حافظ علی ایڈووکیٹ، چیئرمین حافظ جہانگیر عالم بھٹی،صدر قمرزمان برکی،سیکریٹری کلیم اعوان سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پرکمشنر کراچی نوید احمد شیخ کاکہنا تھا کہ یوم دفاع کا دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت اور عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کی قومی خواہش کی غمازی کرتا ہے ہمیں اس ملک اورافواج پاکستان کی قربانیوں کی دل سے قدر کرنی چاہیے اور اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔ تقسیم انعامات کی تقریب کی مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر ساتھ ڈاکٹر افشاں رباب نے کامیاب کھلاڑں میں ٹرافیز، کیش ایوارڈ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ریس میں شریک تمام سائیکلسٹ کو کیش ایوارڈ دئیے گئے