کراچی: ٹک ٹاک کی وجہ سے تیزاب گردی کا شکار خاتون دم توڑ گئی

اتوار 12 ستمبر 2021 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2021ء) شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹائون میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر سابق شوہر کی تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی خاتون دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون سعید آباد میں گزشتہ دنوں ایک شخص نے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر خاتون پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس میں وہ بری طرح جھلس گئی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم خاتون کا سابق شوہر ذیشان ہے، جس نے 21 اگست کو دفتر جاتے ہوئے رمشا نامی خاتون پر تیزاب پھینکا تھا۔رمشہ کو تشویشناک حالت میں برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں وہ کئی روز تک زیر علاج رہی اور آج شام دم توڑ گئی۔پولیس نے ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا تھا، جس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ دونوں نے کورٹ میرج کی، جس کے چند ماہ بعد طلاق ہوگئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق ملزم ذیشان رمشہ سے دوبارہ شادی کرنا چاہتا تھا، اس کی پیش کش کو خاتون نے مسترد کردیا تھا۔