سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ابھا ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنادیا

جمعرات 16 ستمبر 2021 16:38

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ابھا ایئرپورٹ پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنادیا۔عالمی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے ایک بار پھر سعودی عرب کے ابھا ایئرپورٹ پر بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی جس کو سعودی فضائیہ کے ڈیفنس سسٹم نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ڈرون کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا۔

(جاری ہے)

عرب اتحادی افواج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حوثی باغیوں نے ڈرون سے ابھا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دفاعی فورسز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گی۔واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے متعدد بار سعودی عرب میں ابھا ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، اس سے قبل بھی 10 فروری کو ایک حملے میں ابھا کے ہوائی اڈے پر ایک سویلین ہوائی جہاز کو آگ لگ گئی تھی جب کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی دو حملے کیے گئے تھے۔