بلیک کیپس کیا آپ اپنے اس فیصلے کے اثرات سے آگاہ ہیں؟،شاہد آفریدی کا نیوزی لینڈ کرکٹ سے سوال

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات پر دورہ پاکستان ختم کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 ستمبر 2021 16:41

بلیک کیپس کیا آپ اپنے اس فیصلے کے اثرات سے آگاہ ہیں؟،شاہد آفریدی کا ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2021ء ) پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ نے اچانک سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا جس پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’’ ایک خیالی دھمکی پر آپ نے تمام ترین یقین دہانیوں کے باوجود پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا، بلیک کیپس کیا آپ اپنے اس فیصلے کے اثرات سمجھتے ہیں؟‘‘۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی سٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کی کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔

پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انھیں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔