ٹک ٹاک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا

پاکستان اہم مارکیٹ ہے، نئے منصوبے و سرمایہ کاری لائیں گے۔ ٹک ٹاک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 ستمبر 2021 15:32

ٹک ٹاک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2021ء) : ٹک ٹاک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اہم مارکیٹ ہے جب کہ ٹک ٹاک تک رسائی بحال ہوتے ہی نئے منصوبے اور سرمایہ کاری لائیں گے۔ ٹک ٹاک نے تمام معاملات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر قابل عمل حل نکال رہے ہیں تاہم آخری بار لگائی گئی پابندی کے وقت انہیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔

ٹک ٹاک کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسائل کاحل نکالنے کے لیے پی ٹی اے کے ساتھ رابطے میں ہیں ہماری جانب سے تعمیل اور فوری جواب کے باوجود، پیشگی اطلاع کے بغیر پابندی عائد کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایپ کو ہر شخص کے لیے محفوظ اوربہتر بنانے کے لیے ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز ہماری بنیاد ہیں۔ ہم نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران، پاکستان کے لیے مقامی زبان میں ماڈریشن کی ٹیم پر تین گناہ سے زائد سرمایہ کاری کی۔

ہماری ٹیم چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے تاکہ مقامی قوانین اور پلیٹ فارم کی گائیڈ لائنز کے مطابق پاکستان کے لیے غیر مناسب کنٹنٹ کو ایپ سے ہٹایا جا سکے۔ ہم مسلسل یا انتہائی ناپسندیدہ انداز میں ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کو بند کردیتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2017ء میں ٹک ٹاک ایپلی کیشن بائیٹ ڈینس کی طرف سے متعارف کی گئی تھی، جو انتہائی کم عرصہ میں عوام کی پسندیدہ ایپ بن گئی۔

اس ایپلی کیشن کو ہرعمر کا انسان استعمال کررہا ہے، ٹک ٹاک 33 زبانوں میں موجود ہے، دنیا بھر سے لوگ اپنی ویڈیو اس پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ٹک ٹاک کے شوقین افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ پاکستان میں بچوں سے لے کر بڑوں تک ہر کوئی ٹک ٹاک کے بخار میں مبتلا ہے، ٹک ٹاک نے ایسے بے شمار لوگوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع فراہم کیا جنہیں شاید کوئی جانتا تک نہیں تھا، اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ان میں سے کئی افراد راتوں رات اس ایپلی کیشن کے ذریعے اسٹار بن گئے۔