کسانوں کو پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے‘ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت

پیر 20 ستمبر 2021 14:22

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ کسانوں کو فصلوں کی سیرابی کے پانی کی مسلسل فراہمی کیلئے دستیاب آ ب پاش کے مطابق منصوبہ بندی کے اقدامات کریں تاکہ فصلوں سے مطلوبہ پیداوار حاصل کرنا ممکن ہو سکے ۔زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو پانی کی کمی کاسامنا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کسانوں کو چاہیے کہ وہ ڈرپ اور سپرنکلنگ اری گیشن سسٹم اپنائیں تاکہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ محکمہ واٹر مینجمنٹ کھالوںکی اصلاح ‘ ڈرپ اور سپرنکلنگ اری گیشن سسٹم ‘ بارانی علاقوں میں آب پاشی نظام ‘ کسانوںکو لیزر یونٹ کی فراہمی اور پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے وسائل فراہم کر رہاہے جن پر حکومت کی طرف سے خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب اری گیٹڈ ایگرکلچرل پروڈکٹوٹی امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت کھالوں کی اصلاح کیلئے پچاس فیصد سبسڈی دی جارہی ہے جبکہ بارانی علاقوں کے کسانوں کو 25ہزار روپے کی سبسڈی کااجرائ بھی جاری ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ نے بتایا کہ ڈرپ اور سپرنکلنگ اری گیشن سسٹم کی تنصیب کیلئے کسانوںکو چالیس فیصد سبسڈی بھی دی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کھالوں کے اصلاح منصوبے کے تحت اس وقت پانچ کھالوں پر کام جاری ہے جبکہ ورلڈ بینک کے منصوبے کے تحت بھی 59کھالوں کی اصلاح کی جارہی ہے تاکہ کسانوں کو پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے ۔

انہوںنے بتایا کہ ہائی ایفیشنسی اری گیشن سکیم کے تحت 225 ایکڑرقبہ کو قابل کاشت بنانے کیلئے ا قدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کھالوں کی توسیع اور اصلاح کے 80نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لیز ر لیولر کے حصول کیلئے اس وقت تک 333درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی سکروٹنی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھالوں کی توسیع کے پروگرام کیلئے سال 2021-22 میں 28 کروڑ 24لاکھ سے زائد کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جس سے کھالوں کی اصلاح اور کسانوں کو آب پاش پانی کی دستیابی کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :