سعودی عرب سے مذاکرات میں سنجیدہ پیش رفت ہوئی، ایران

خطے کے مسائل کاحل خطے کے اندر ہی سے جامع میکنزم کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے، ایرانی وزارت خارجہ

جمعہ 24 ستمبر 2021 13:45

سعودی عرب سے مذاکرات میں سنجیدہ پیش رفت ہوئی، ایران
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب نے خلیج کی سلامتی کے معاملے پرمذاکرات میں سنجیدہ پیش رفت کی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران میں عراقی دارالحکومت بغداد میں سعودی حکومت کے ساتھ بات چیت کے کئی ادوارہوئے ہیں جن میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خطے کے مسائل کاحل خطے کے اندر ہی سے جامع میکنزم کے ذریعے تلاش کیا جا سکتا ہے، ایران ایک طویل عرصے سے مشرقِ اوسط میں غیرملکی مداخلت کے خلاف آواز بلند کرتارہا ہے۔سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ایران ایک پڑوسی ملک ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کے ساتھ ہماری ابتدائی بات چیت اعتماد پیدا کرنے کے ٹھوس نتائج کا باعث بنے گی اور اس سے ہمارے عوام کی خواہشات کے مطابق دوطرفہ تعاون کے فروغ کی راہ ہموارہوگی۔