سعودی عرب کے قومی دن پر پاکستانی کے ڈانس کی ویڈیو وائرل

ویڈیو میں پاکستانی باشندہ سفید لباس پہنے ہوئے ، گلے میں سعودی پرچم لپیٹے ہوئے ، شیماغ اور ہیڈ بینڈ پہنے ہوئے بزرگ شہری کے ساتھ موسیقی پر رقص میں مگن ہے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 25 ستمبر 2021 15:15

سعودی عرب کے قومی دن پر پاکستانی کے ڈانس کی ویڈیو وائرل
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی کے ڈانس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق الباہا ریجن میں ایک پاکستانی باشندے نے سعودی عرب کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر پاکستانی کی جانب سے کیے گئے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ، ویڈیو میں پاکستانی باشندے کو بزرگ شہری کے ساتھ مملکت کے 91 ویں قومی دن کی تقریب میں ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے ، جس کو حاضرین کی جانب سے بھی خوب سراہا گیا۔

 
 
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی باشندہ سفید لباس پہنے ہوئے ، گلے میں سعودی پرچم لپیٹے ہوئے ، شیماغ اور ہیڈ بینڈ پہنے ہوئے بزرگ شہری کے ساتھ موسیقی کے ساتھ رقص کرتے ہوئے آپس میں بہت زیادہ بات چیت کر رہے ہیں ، بوڑھے مرد اور پاکستانی رہائشی کے رقص کے مقام پر خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد موجود تھی ، اور انہوں نے ان دونوں کو انتہائی گرم جوشی کے ساتھ داد دی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال 23 ستمبر کو قومی دن منایا جاتا ہے ، یہ دن 1932 میں عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے سعودی عرب کے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے ، 23 ستمبر 1932ء کو سعودی عرب کی حکومت کا قیام عمل میں آیا ، جب سلطان عبدالعزیز ابن سعود نے نجدو حجاز کے تمام علاقوں پر فتح و نصرت کا پرچم لہرایا اور عرب کے اس خطے کا نام المملک العربی السعودیہ رکھا گیا۔

اس دن کی مناسبت سے تمام سرکاری ادارے بند رہتے ہیں جب کہ سعودی قومی دن لوک گیتوں کے رقص ، گانوں اور روایتی تہواروں کے ساتھ منایا جاتا ہے ، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں ، مملکت میں چاروں طرف سبز اور سفید سعودی غبارے بھی لگائے جاتے ہیں۔