کوہاٹ ،کرک میں مبینہ طور پر ہوائی جہاز نے ایک 2 سالہ معصوم بچے کی جان لے لی

اتوار 26 ستمبر 2021 20:20

کوہاٹ ،کرک میں مبینہ طور پر ہوائی جہاز نے ایک 2 سالہ معصوم بچے کی جان ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2021ء) کوہاٹ ڈویژن کے جنوبی ضلع کرک میں مبینہ طور پر ہوائی جہاز نے ایک 2 سالہ معصوم بچے کی جان لے لی۔ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں انڈس ہائی وے پر واقع حامدان چوک کے قریب ایک گائوں میں جنید نامی شخص کا دو سالہ بچہ ریحان گزشتہ روز جہاز کی آواز سے ڈر کر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کے روز دن ساڑھے بارہ بجے اس علاقہ میں ایک ہوائی جہاز نہایت نیچی پرواز کر رہا تھا جس کی گھن گرج سے بچہ شدید ڈر گیا اور دوڑ کر روتا ہوا ماں کی گود میں پہنچا۔

بچہ بہت زیادہ سہما ہوا تھا جسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز لے جایا گیا جہاں سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک پہنچایا گیا۔ متوفی بچہ کے والد جنید کے مطابق وہاں ڈاکٹر نے ای سی جی کرائی لیکن تب تک بچہ موت کی آغوش میں چلا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس عجیب و غریب واقعہ کی تصدیق مقامی افراد نے بھی کی ہے کہ گزشتہ روز ایک جہاز بہت شور کرتا ہوا نیچے پرواز کر رہا تھا ۔ فوری طور پر معلوم نہ ہوسکا کہ نیچے پرواز کرنے والا جہاز جنگی تھا یا تربیتی پرواز کر رہا تھا تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو میں جہاز کی نیچی پرواز کی تصدیق مقامی لوگوں نے کی ہے۔ مقامی افراد نے واقعہ میں جاں بحق بچہ کے غریب والدین کے ساتھ مالی امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔