لودہراں ، جعلی چیک دینے والا آزاد ، پولیس ملزم کی پشت پناہی کرنے لگی

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان پیر 27 ستمبر 2021 12:59

لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر2021ء) ٹھیکیدار نے 6 مکسچر مشینوں لے کر60 لاکھ کرائے کا بوگس چیک دے دیا ،پولیس نے مثل مقدمہ میں سے چیک غائب کردیا ،متاثرہ شخص کا آئی جی پنجاب سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ وارڈ نمبر 7 لودھراں کے رہائشی سعید احمد  جو کہ تعمیراتی بلڈنگز کے لیے سامان کرایہ پر دیتا ہے نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں نورپورنورنگا کی رہائشی الطاف حسین ولد چراغ دین نے اس سے 6 مکسچرمشینیں یومیہ 6 ہزار کرائے پر لیں لیکن ایک سال تک الطاف حسین نے نہ تو کرایہ دیا اور نہ ہی مشینیں  واپس کیں جس پر میں نے ان کے خلاف 2017 میں مشینیں  چوری کا مقدمہ درج کروا دیا۔

(جاری ہے)

سعید احمد نے کہا کہ وہ تعمیراتی سامان کرائے پر دے کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتا تھا لیکن الطاف حسین نے اس سے اس کے بچوں کی روزی چھین لی تو اسی پریشانی میں 2017 میں اسے فالج کا اٹیک ہوا جس کا علم ہونے پر الطاف حسین اس کے گھر آیا معافی مانگ کر 2017 اور2018 کے کرائے کا 60 لاکھ روپے کا  چیک مجھے دے گیا اور 2018 میں میری مشینیں واپس کرنے کا وعدہ بھی کرگیا میری بیماری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے پولیس سے ساز باز ہوکر اپنے خلاف درج ہونے والے چوری کے مقدمہ کو بھی خارج کروالیا 2018 میں جب میں مقررہ تاریخ کو چیک لے کر بینک پہنچا تو اکاونٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے چیک ڈس آنر ہو گیا جس پر میں نے الطاف حسین کے خلاف جعلی چیک دینے کا مقدمہ پولیس سٹیشن تھانہ سٹی لودھراں میں درج کروا دیا لیکن ایس ایچ او تھانہ سٹی رئیس علی انصر اور تفتیشی دائم اقبال نے ملزم سے ساز باز ہو کر میری مثل مقدمہ میں سے چیک ہی غائب کر دیا اورملزم سے ساز باز کرکے عدالت سے کیس بھی ختم کروا دیا سعید احمد نے آئی جی پنجاب راو سردار سےمطالبہ کیا ہے کہ ملزم سے اس کی مکسچر مشین واپس دلوائی جائیں اورمثل مقدمہ میں سےچیک غائب کرنے والے ایس ایچ او اور تفتیشی کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے۔