فیس بک کے بانی کو ایپس بند ہونے پر 2 جھٹکے لگ گئے

چند گھنٹوں میں مارک زکربرگ کو 7 ارب ڈالر کا نقصان،فوربز میگزین کے مطابق مارک کو امیر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا،پانچویں امیر ترین شخص سے ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 اکتوبر 2021 13:09

فیس بک کے بانی کو ایپس بند ہونے پر 2  جھٹکے لگ گئے
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اکتوبر 2021ء) : گذشتہ شب سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بُک ، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے فیس بُک انتظامیہ کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہو گیا۔ سروسز معطل ہونے کی وجہ سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی اسٹاک ایکسچینج میں اس وقت تک فیس بک کے شیئرز کی قیمت 5.7 فیصد تک گر گئی، ان چند گھنٹوں میں فیس بُک کے بانی مارک زکربرگ کو 7 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک فیس بک کے بانی کو چند ہی گھنٹوں میں اربوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ارب پتی افراد کی دولت کا تخمینہ جاری کرنے والے فوربز میگزین کے مطابق اس کے بعد مارک کو امیر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

مارک زکر برگ دنیا کے پانچویں امیر ترین شخص سے ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔

بریک ڈاؤن کے بعد سے فیس بک کے ایک شئیر کی قیمت میں 18.67 ڈالر کی کمی آئی ہے اور یہ 324.45 رہ گیا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ شب دنیا بھر میں فیس بک اور اس کی دیگر دونوں ایپلی کیشنز کی بندش کی وجہ سے صارفین کو پریشانی کا سامنا تھا-میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کے ویب نظام میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی اور اسی دوران پورا نیٹ ورک ہی بیٹھ گیا۔ بارڈر گیٹ وے پروٹوکول اپ گریڈ کرنے سے فیس بک کی تمام سروسز انٹرنیٹ سے غائب ہوگئیں۔

بتایا گیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ تینوں مختلف سروسز ہیں تاہم ان کا انفراسٹرکچر مشترکہ ہے، اسی باعث ایک سروس کے نظام میں خرابی کی وجہ سے باقی تمام سروسز بھی بیٹھ گئیں۔دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کی تمام سروسز کی بندش کو فیس بک کی تاریخ کا سب سے بدترین بحران قرار دیا گیا۔ ماہرین کے مطابق فیس بک کمپنی کو کبھی بھی اپنی سروسز کی اس قدر طویل اور مکمل بندش کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فیس بُک نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو ہماری ایپس تک رسائی میں دشواری ہو رہی ہے۔ ہم چیزوں کو جلد سے جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ تاہم کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد فیس بک، انسٹاگرام اور اب واٹس ایپ کی سسروسز بھی بحال کر دی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ فیس بک، انسٹاگرام دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا ویب سائٹس ہیں، جبکہ وٹس ایپ پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی سروس ہے۔