وزیراعظم آزادکشمیر نے این ٹی ایس کے نفاذ کے بعد این ٹی ایس پراسس سے گزارے بغیر بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لیں

عداد و شمار میں تغیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، بتایا جائے کہ این ٹی ایس کے نفاذ کے بعد معیار تعلیم پر کیا فرق پڑھا تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے،،معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے،سردارعبد القیوم نیازی

بدھ 13 اکتوبر 2021 21:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2021ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے این ٹی ایس کے نفاذ کے بعد این ٹی ایس پراسس سے گزارے بغیر بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اعداد و شمار میں تغیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بتایا جائے کہ این ٹی ایس کے نفاذ کے بعد معیار تعلیم پر کیا فرق پڑھا ۔

قرآن ایجوکیشن ایکٹ کے مکمل نفاذ اورمستحق بچوں کو مفت یونیفارم و کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔تعلیمی اداروں میں تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے اور غیر ضروری تبادلوں سے اجتناب کیا جائے۔ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے،معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔پانچ سالوں میں کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہیں رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

جو اچھا کام کرے گا اسکی حوصلہ افزائی کرینگے۔ اساتذہ اپنے فرائض منصبی محنت،لگن اور دیانتداری سے سر انجام دیں۔ زلزلہ متاثرہ سکولوں کی عمارات کو مکمل کریں گے۔تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی بہرصورت یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خواجہ محمد احسن کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے این ٹی ایس کے بعد معیار تعلیم کے حوالے سے اور این ٹی ایس پراسس سے گزارے بغیر بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی اخلاقی تربیت کو یقینی بنایا جائے۔ ایسا کوئی بھی منصوبہ شروع نہ کریں جو مکمل نہ کر سکیں۔منصوبوں کی فزیبلٹی مکمل کر کے شروع کیے جائیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

تعلیمی اداروں میں کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تدریس کے ساتھ سرکاری املاک کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جن تعلیمی اداروں کی عمارات تعمیر نہیں ہوئیں ان کو تعمیر کرینگے اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل میں شفافیت سمیت ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے تاکہ مستقبل کے معماروں کی بہتر اندازمیں تربیت ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں میں پانی، واش رومز، بجلی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔