نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے وفد نے ڈی ایس نیوی کی قیادت میں پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا

جمعہ 15 اکتوبر 2021 16:20

اسلام آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے اعلیٰ سطح کے  وفد نے ڈی ایس نیوی کموڈور الطاف حسین کی سربراہی میں پاکستان سویٹ ہوم کا دورہ کیا۔وفد نے پاکستان سویٹ ہو م دورے کے موقع کیڈٹس کی پریڈ دیکھی اور پاکستان سویٹ ہوم میں بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد میں مختلف ممالک کی فورسز کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی ۔

پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کموڈور الطاف حسین کو سویٹ ہوم دورے کرنے پر یارگاری شیلڈ پیش کی ۔ وفد نے بچوں کے ہمراہ دن گزارا۔ اس موقع پر تما م شرکا نے پاکستا ن سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کو بچوں کے لئے بہترین سہولیات فراہم کرنے پرمبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد نے پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے بچوں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی پریڈ اور کیڈٹس کو دی جانیو الی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ شرکا کو تقریب پاکستان سویٹ ہوم کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس نیوی  کموڈور الطاف حسین کا کہنا تھا کہ یتیم بچوں کی کفالت کرنا ایک عظیم کام ہے ،جن بچوں کے والد یا والدین اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان کو معاشرے کا اہم فرد بنانے میں پاکستان سویٹ ہوم اہم کردار ادا کر رہا ہے ، ہمیں پاکستان سویٹ ہوم آ کر خوشی ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم میں ان بچوں کو جو سہولیات دی جا رہی ہیں ان سے ان بچوں کا مستقبل روشن ہے ، پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کو پاکستان سویٹ ہوم کا مکمل دورہ کرایا گیا اور تمام سہولیات سے آگاہ کیاگیا۔ وفد کو پاکستان سویٹ کا دورہ کرنے پر زمرد خان کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔