گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 508 مریض رپورٹ ہوئے،سیکرٹری صحت پنجاب

جمعہ 15 اکتوبر 2021 17:03

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 508 مریض رپورٹ ہوئے،سیکرٹری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے صوبہ بھر میں ڈینگی سے بچائو کی سرگرمیاں تیز کرنے کاحکم دے دیا ہے۔ محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 508 مریض رپورٹ ہوئے۔

سیکرٹری صحت عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ گزشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 373مریض رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی سے 59 ،فیصل آباد سے 10جبکہ ننکانہ صاحب سے ڈینگی کے 8 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز اٹک اور حافظ آباد میں 7سات جبکہ مظفرگڑھ میں ڈینگی کے 5مریض رپورٹ ہوئے ۔اسی طرح اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ڈینگی کے مجموعی طو ر پر 4چار مریض رپورٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

بہاولنگر،پاکپتن اور سرگودھا سے ڈینگی کے3 تین مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیکرٹری صحت عمران نے مزید کہاکہ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 5709  جبکہ لاہور سے 4220کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔ رواں سال صوبہ بھر سے اب تک ڈینگی سے 18 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1490 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 831مریض داخل ہیں۔لاہور کے علاوہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 659 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت 5120بیڈز ڈینگی کے لئے مختص ہیں جبکہ صوبہ میں ڈینگی کیلئے مختص بیڈز میں سے 1490 بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کیلئے 1266  بیڈزمختص کئے گئے ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کیلئے مختص بیڈز میں سے 831بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ مون سون میں ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بے حد ضروری ہیں۔

مون سون کے دوران ڈینگی سے بچا ئوکیلئے شہری زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں بالخصوص بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونے دیا جائے۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 415216 ان ڈور مقامات کو چیک کیا جبکہ صوبہ بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 96301آئوٹ ڈور مقامات چیک کئے۔گزشتہ روز پنجاب بھر میں 2174 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 57656ان ڈور مقامات کو چیک کیا نیز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 7890آئوٹ ڈور مقامات کوچیک کیا اور1220ان ڈور اور آئوٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔

صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے مزیدکہاکہ عوام سے اپیل ہے کہ کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔ پنجاب کے تمام علما کرام سے بھی اپیل ہے کے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے آگاہ کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردارکر سکتے ہیں۔