زرنش خان نے میرا کی انگریزی کا مذاق اڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

آپ کو کوئی حق نہیں کسی کی شخصیت کا مذاق اڑائیں، اگر مِیرا انگریزی اچھی نہیں بول سکتیں تو کیا یہ جرم ہی ، اداکارہ

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 11:44

زرنش خان نے میرا کی انگریزی کا مذاق اڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ زرنش خان نے فلم اسٹار میرا کی انگریزی کا مذاق اٴْڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ حال ہی میں جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں اداکارہ میرا سمیت دیگر شوبز ستاروں نے شرکت کی۔ ایوارڈ شو کی تقریب سے میرا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ ٹوٹی پھوٹی انگریزی بولتی ہوئی نظر آرہی ہیں اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے قہقہوں کا مرکز بن گئی۔

میرا کی ویڈیو پر صارفین کا مزاحیہ ردّعمل دیکھ کر زرنش خان خود کو روک نہ سکیں اور اٴْنہوں نے اداکارہ کا ساتھ دینے کیلئے انسٹاگرام پر خصوصی سٹوری شیئر کردی۔زرنش خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ناقدین سے تنگ آتے ہوئے لکھا کہ ’بس کردو فارغ عوام‘۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ وہ تمام لوگ جو اس طرح کے میمز یا ویڈیو کٹس بناتے ہیں وہ خود بیوقوفوں کا ایک گروپ ہیں، جو شائد اردو بھی روانی سے نہیں بول سکتے پھر انگریزی کو تو چھوڑ ہی دیں۔

‘اٴْنہوں نے کہا کہ آپ کو کوئی حق نہیں کہ آپ کسی کی شخصیت کا مذاق اڑائیں، اگر مِیرا انگریزی اچھی نہیں بول سکتیں تو کیا یہ جرم ہی ‘۔زرنش خان نے صارفین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ اس زبان کو کتنی اچھی طرح جانتے ہیں کیا آپ کھلے چیلنج کیلئے تیار ہیں میں شرط لگاتی ہوں کہ آپ میں سے کوئی انگریزی بولنے میں ماہر نہیں لہٰذا براہِ کرم! دوسروں کا مذاق اٴْڑانا بند کریں‘۔