سعودی عرب میں ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت دینے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

ٹریفک پولیس کی خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم میں 20 فیصد رعایت دیے جانے کی باتیں بے بنیاد ہیں ، درحقیقیت ایسی کوئی خبر جاری نہیں ہوئی۔ حکام نے وضاحت جاری کردی

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اکتوبر 2021 14:29

سعودی عرب میں ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت دینے کی خبروں کی حقیقت سامنے ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 18 اکتوبر 2021 ) سعودی عرب میں ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت دینے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی ، ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے پورٹل ایفا نے چالان میں رعایت دینے سے متعلق خبر کی تردید کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق پورٹل انتطامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر پورٹل سے منسوب کی جانے والی چالان کی رقم میں 20 فیصد رعایت دیے جانے کی باتیں بے بنیاد ہیں ، درحقیقیت ایسی کوئی خبر پورٹل پر جاری نہیں ہوئی نہ ہی چالان کی رقم میں کسی قسم کی رعایت دینا پورٹل کے دائرہ اختیار میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک اور سڑکوں کا بہترین نظام موجود ہے تاہم لوگوں کی بے احتیاطی اور ٹریفک خلاف ورزیوں کی وجہ سے حادثات میں کمی نہیں آ سکی ہے ، ہر سال سینکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں یا عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں ، اسی وجہ سے سعودی حکام ٹریفک جرمانوں کی رقم میں وقتاً فوقتاً اضافہ کرتے رہتے ہیں تاکہ لوگ ٹریفک خلاف ورزی سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ حد رفتار سے تجاوز کرنے پر ڈیڑھ سے دو ہزار ریال تک جرمانہ بھرنا پڑے گا ، جرمانے کی رقم کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ مقررہ رفتار سے کتنا زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کی جاری ہے ، ایسی شاہراہیں جن پر انتہائی حدِ رفتار 120 کلو میٹرفی گھنٹہ ہے اگر کوئی شخص اس سڑک پر 10 سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ حد سے زیادہ رفتار پرڈرائیونگ کرتا ہے تو اس پر ڈیڑھ سو ریال سے تین سو ریال تک جرمانہ عائد ہوگا ۔

اسی طرح اگر اس کی گاڑی کی سپیڈ انتہائی حد سے 20 سے 30 کلو میٹر تک زیادہ پائی گئی تو پھر 300 ریال سے لے کر 500 ریال تک جرمانہ بھرنا ہوگا ، حد سے زیادہ رفتار 30 تا 40 کلو میٹر ریکارڈہونے پر 800 تا ایک ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا ، 40 تا 50 کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 1200 سے لے کر 1500 ریال تک کا جرمانہ ہوگا ، مقررہ رفتار سے 50 کلو میٹر زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ پرکم از کم جرمانہ 1500 اور زیادہ سے زیادہ دو ہزار ریال ہوگا ۔

بتایا گیا ہے کہ ہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ والی انتہائی رفتار والی شاہراہ پر پانچ تا 10 کلومیٹر تک تجاوز کرنے پر کم از کم 300 ریال اور زیادہ سے زیادہ 500ریال جرمانہ ہوگا ، ایسی سڑک پر 10 تا 20کلومیٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر پر کم از کم جرمانہ 800 اور زیادہ سے زیادہ ایک ہزارریال ہو سکتا ہے ، 20 تا 30 کلومیٹر زیادہ رفتار پر کم از کم 1200 اور زیادہ سے زیادہ 12 سو ریال جرمانہ بھرنا پڑے گا ، اگر کسی شخص نے مقررہ حد سے 30 کلو میٹر سے زیادہ فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی تو پھر 1500 اور زیادہ سے زیادہ دوہزار ریال کا جرمانہ ہوگا-