یورپی یونین نے 10 ماہ میں کورونا ویکسین کی ایک بلین خوراکیں برآمد کیں،صدر یورپین کمیشن

پیر 18 اکتوبر 2021 16:08

یورپی یونین نے  10 ماہ میں کورونا ویکسین    کی ایک بلین خوراکیں  برآمد ..
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2021ء) یورپین کمیشن کی صدر ارسلاوان ڈیر لیان نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے 10 ماہ میں کورونا  ویکسین کی ایک بلین سے زائد خوراکیں  برآمد کیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ یہ بہت واضح ہےکہ  یورپی یونین کورونا ویکسین کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے جس نے گزشتہ 10 ماہ میں ایک بلین سے زائد خوراکیں برآمد کر کے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے عالمی ادارہ صحت کے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ویکیسن فراہمی کے پروگرام کوویکس کے ذریعے  متوسط اور کم آمدنی والے ممالک کو 8کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کیں ۔ زیادہ تر برآمدات میں ایسے آرڈرز شامل ہیں جن میں  یورپ میں  تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کی خوراکوں  کے لیے دوسرے ممالک کی طرف سے ادائیگی کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  یورپی یونین آنے والے مہینوں میں کورونا وائرس  سے متاثرہ انتہائی حساس ممالک کو کم از کم 50کروڑ خوراکیں عطیہ کرے گی  اور اس سلسلے میں دیگر ممالک بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں ۔