اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکومت سے جواب طلب کر لیا

عدالت نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 اکتوبر 2021 10:59

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکومت سے جواب طلب کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2021ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ دوران سماعت درخواست گزار لطیف قریشی کی جانب سے وکیل جی ایم چوہدری پیش ہوئے۔ جی ایم چوہدری ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 4 میں ترمیم کی گئی ، اس کے ذریعے جو قوانین پہلے تھے ان میں ترمیم کرکے بڑی شق کو نکال دیا گیا، آرڈیننس جاری کرکے کرپشن کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین کی تعیناتی کے طریقے کار کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ درخواستگزار کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری اداروں کی کرپشن کو نکال دیا جائے تو پھر تو چپڑاسی ہی بچ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہوجا تا نیب ترمیمی آرڈیننس پر عمل درآمد پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔ تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست مسترد کردی، ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت، سیکریٹری قومی اسمبلی ، سیکریٹری سینیٹ اور سیکریٹری قانون سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کیے۔

عدالت عالیہ نے اٹارنی جنرل کو بھی آئندہ سماعت پر معاونت کے لیے طلب کرتے ہوئے اس کیس کی مزید سماعت 3 ہفتے تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نیب آرڈیننس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبدالطیف قریشی نامی شخص نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نیب آرڈیننس کو چیلنج کیا۔ قبل ازیں نیب ترمیمی آرڈیننس 2021ء کو لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت میں نیب کے ترمیمی ارڈینس کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔