چینی صدر کا صوبہ شان ڈونگ کا دورہ ، مختلف سر گر میوں کاجائزہ لیا

مقامی باشندوں سے ملاقات،حالات زندگی ،روز مرہ سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا

جمعہ 22 اکتوبر 2021 16:38

چینی صدر کا صوبہ شان ڈونگ کا دورہ ، مختلف سر گر میوں کاجائزہ لیا
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2021ء) چینی صدر شی جن پھنگ نے صوبہ شان ڈونگ کے ڈونگ اینگ شہر میں مختلف مقامات کے دورے کیے اور اہم سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے دریائے زرد کے ڈیلٹا زرعی ہائی ٹیک انڈسٹری مثالی زون، ڈونگجی قصبے کی ایک رہائشی کمیونٹی، شنگ لی آئل فیلڈ ایکسپلوریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور ڈرلنگ پلیٹ فارم کے دورے کئے اور دریائے زرد کے آس پاس کے علاقے میں نمکین الکلی زمین کے جامع استعمال اور جدید زرعی ترقی ،زرد ساحلی علاقے میں سیلابی پانی کے ذخیرے اور علاقہ مکینوں کی نقل مکانی اور شنگ لی آئل فیلڈ کی تعمیر سمیت دیگر امور سے متعلق دریافت کیا۔

یاد رہے کہ 1979 میں دریائے زرد کے آس پاس آبی منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے لئِے متعلقہ علاقوں کے مکینوں نے نئے رہائشی علاقوں میں نقل مکانی کی تھی اور نئی زندگی کی شروعات کی تھیں۔

(جاری ہے)

صدر شی جن پھنگ نے مقامی باشندوں سے بات چیت کے دوران ان کے حالات زندگی ، رہائشی علاقے کی تعمیر اور روز مرہ سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

چین میں سنہ انیس سو پچاس کے عشرے میں تیل کی کمی تھی۔ چینی سائنسدانوں اور محنت کشوں نے اپریل 1961 میں شمالی چین میں شنگ لی آئل فیلڈ دریافت کی اور وسیع پیمانے پر تیل کی پیداوار کا آغاز کیا۔آج شنگ لی آئل فیلڈ اپنی ترقیاتی حکمت عملی میں سبز اور کم کاربن تصور کو شامل کر چکی ہے، اور فی ٹن تیل اور گیس کی پیداوار کے لیے توانائی کی کھپت میں مسلسل چھ سالوں سے کمی واقع ہوئی ہے۔

ماحول دوست پیداواری طریقہ کار اپنانے سے نہ صرف تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو بھی کم کیا گیا ہے۔دریائے زرد ڈیلٹا زرعی ہائی ٹیک انڈسٹری مثالی زون اکتوبر 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ نمکین الکلی زمین کا جامع استعمال اس کا بنیادی ہدف ہے جس کے تحت نمکین الکلی زمین میں خصوصی اناج اور نباتات کی کاشت اور حیاتیاتی زراعت کو فروغ دینے کا تجربہ کیا گیا ہے۔ نمکین الکلی زمین چین میں انتہائی اہم ریزرو قابل کاشت زمینی وسائل میں شامل ہے، جو ملک میں فوڈ سیکیورٹی کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :