دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل،

جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی اوراپنے معاشرے اوراپنے پیارو ں کی حفاظت کےلئے جلد ویکسین لگوائیں، اسد عمر کا ویڈیو پیغام

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 13:37

دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات وخصوصی اقدامات اور نیشنل کمانڈ این آپریشنل سنٹر(این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آج مجھے خوشی ہے کہ دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے، اگرہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں نہ آئے تو اس کےلئے جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی اوراپنے معاشرے اوراپنے پیارو ں کی حفاظت کےلئے جلد ویکسین لگوائیں ۔

ہفتہ کو دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل ہونے کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام  میں اسد عمر نے کہا کہ دس کروڑ سے زیادہ ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے، دس کروڑ ویکسین چھ کروڑ اسی لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو لگائی گئی ہے جس میں سے تین کروڑ اسی لاکھ سے زیادہ مکمل طور پر ویکسین کراچکے ہیں اور تین کروڑ کو کم سے کم ایک ویکسین کی خوراک لگی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اچھی خبر ہے کہ ایک بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے ویکسین کرائی ہے اور ویکسینیشن کا عمل ابھی جاری ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ لیکن ابھی مزید بہت کام باقی ہے اور جیسا کہ میں نے اپنی ٹویٹ میں آج سے دو تین دن پہلے بھی کہاتھا کہ اگرہم چاہتے ہیں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں نہ آئے تو اس کےلئے بہت ضروری ہے کہ ہم جلد سے جلد تمام لوگ اپنی ویکسینیشن کرائیں۔

اورخاص طور پر اس بات کا ضرور خیال رہے کہ جب آپ پہلی خوراک لگاتے ہیں یاایک سنگل ڈوز لگائی جاتی ہے تو اس سے آپ محدود محفوظ ہوجاتے ہیں اور اصل مکمل حفاظت کےلئے دوسری ڈوز لگوانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تین کروڑ پاکستانی جنہوں نے ایک ڈوز لگوائی ہوئی ہے اور ابھی تک اپنی دوسری ڈوز کےلئے نہیں آئے تو ا ن سے خصوصی طور پر اپیل کرو ں گا کہ وہ جلد سے جلد دوسری ڈوز لگوا کر اپنی ویکسینیشن مکمل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اورباقی پاکستانی جنہوں نے ابھی تک یہ ویکسین نہیں لگوائی آپ ، اپنے معاشرے اوراپنے پیارو ں کی حفاظت کےلئے یہ ویکسین ضرور لگوائیں۔