اوچ نہر پانی بحالی منصوبہ، ورسک پمپ ہاؤس میں 2 نئے پمپس کی تنصیب کی ٹیسٹنگ سروس کا باقاعدہ آغاز

گورنرشاہ فرمان اور زیراعلیٰ محمود خان کا ورسک پمپس ہاؤس جمرود کا مشترکہ دورہ ، منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح کیا

پیر 25 اکتوبر 2021 22:11

اوچ نہر پانی بحالی منصوبہ، ورسک پمپ ہاؤس میں 2 نئے پمپس کی تنصیب کی ٹیسٹنگ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اکتوبر2021ء) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پیرکے روز ورسک پمپس ہاؤس جمرود کا مشترکہ دورہ کیا اور اوچ نہر میں پانی کی بحالی کیلئے ورسک پمپ ہاؤس اپ گریڈیشن اینڈ ری موڈلنگ آف ورسک کینال منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا، گورنر اور وزیر اعلیٰ نے مذکورہ منصوبہ کے تحت ورسک پمپ ہاؤس میں 2 نئے پمپس کی تنصیب کی ٹیسٹنگ سروس کا بھی باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس موقع پرمحکمہ آبپاشی کی جانب سے منصوبہ سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیاکہ ری موڈلنگ آف ورسک کینال منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں ورسک پمپ ہاؤس میں 2 نئے پمپس کی تنصیب کر دی گئی ہے جبکہ 3مزید پمپس کی تنصیب کا مرحلہ آئیندہ برس مارچ میں مکمل کر لیا جائے گا جس سے 290کیوسک پانی ورسک کنال سسٹم میں داخل ہو گا جس سے عرصہ دراز سے خشک نہر(اچ نہر)میں اب تما م سیزن میںپانی کی روانی جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

گورنر شاہ فرمان کاکہناتھاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے خشک نہر(اچ نہر) میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ زمین بنجر پڑی ہے لیکن آج کا دن غریب زمینداروں کیلئے خوشی کا دن ہے کیونکہ انکی ذاتی دلچسپی اور حکومت کی انتہائی سنجیدگی کی بدولت اوچ نہر میں پانی کی فراہمی کا ایک بڑا عوامی منصوبہ شروع کردیاگیاہے اور اب اوچ نہرکسی بھی سیزن میں خشک نہیں رہے گی، انہوںنے کہا کہ اوچ نہر سے ملحقہ ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی اب کبھی بنجر نہیں رہے گی بلکہ ہمیشہ سر سبز و سیراب رہے گی جس سے نہ صرف کوہ دامان سمیت دیگر علاقوں میں خوشحالی آئے گی بلکہ چھوٹے زمینداروں اور کسانوں کی زندگیوں میں بھی واضح تبدیلی نظر آئے گی، گورنر نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی عوامی مفاد کے بڑے منصوبہ میں گہری دلچسپی لینے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے ویژن کے باعث ایک بڑا منصوبہ ری موڈلنگ آف ورسک کنال سسٹم جس میں ضلع پشاور باالخصوص اوچ نہر سمیت نوشہرہ تک ایک بہترین نہری نظام تشکیل ہو جائے گاجو کہ لائق تحسین ہے، افتتاحی تقریب میں سیکرٹری محکمہ آبپاشی نظام الدین، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر سمیت محکمہ آبپاشی کے افسران موجود تھی