پاکستان کی فتح پر نئی دلی میں آتشبازی، سہواگ اور گھمبیر برہم

نئی دہلی سمیت متعدد شہروں میں آتشبازی کی گئی اور پٹاخے پھوڑے گئے، بھارتی میڈیا

پیر 25 اکتوبر 2021 22:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے سیماپوری میں آتشبازی کی گئی اور پٹاخے پھوڑے گئے۔گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی اور 10 وکٹوں سے ہرا کر کئی ریکارڈز بھی بنائے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی فتح پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد شہروں میں آتشبازی کی گئی اور پٹاخے پھوڑے گئے۔

نئی دہلی میں پاکستان کی جیت پر آتشبازی کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو نے بھارت کے سابق کرکٹرز کو سیخ پا کردیا ہے۔بھارت کے سابق کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹوئٹ میں کہا کہ دیوالی پر پٹاخوں پر پابندی ہے تاہم حال ہی میں پاکستان کی فتح پر ملک کے کچھ حصوں میں پٹاخے پھوڑے گئے۔انہوں نے غصے میں کہا کہ چلیں یہ لوگ تو کرکٹ کا جشن منارہے ہوں گے تو دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے کا کیا نقصان ہی یہ سب ڈھونگ کیوں سارا گیان دیوالی پر ہی یاد آتا ہے۔ سابق کرکٹر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی گوتم گمبھیر نے بھی ٹوئٹ کیا اور پاکستان کی جیت پر آتشبازی پر برہمی کا اظہار کیا۔