کراچی میں سردی کا موسم صرف ڈیڑھ ماہ طویل ہو گا

شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 نومبر 2021 00:17

کراچی میں سردی کا موسم صرف ڈیڑھ ماہ طویل ہو گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 نومبر2021ء) کراچی میں سردی کا موسم صرف ڈیڑھ ماہ طویل ہو گا، شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رواں سال سردی کا دورانیہ ایک سے ڈیڑھ مہینہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ ماہ دسمبر کے وسط سے جنوری کے آخری تک سردی رہے گی۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران شہر قائد میں سردی کا یہی دورانیہ رہا ہے، جبکہ رواں سال بھی شہر میں سردی کا دورانیہ گزشتہ سالوں کی طرح زیادہ طویل نہیں ہو گا۔ کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آئندہ 2 ہفتے تک کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

نومبر کے آخری ہفتے سے لے کر دسمبر کے پہلے ہفتے تک کراچی میں صبح و شام کے اوقات میں خنکی ہو گی، جبکہ دوپہر کے وقت دھوپ کی وجہ سے درجہ حرارت زیادہ رہے گا۔ شہر قائد میں موسم سرما کے آغاز کے حوالے سے ماہرین کے مطابق سائبیریا میں موجود ہوا کا دبائو جتنا شدت اختیار کرتا ہے اسی اعتبار سے کراچی میں سردی میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچنے والی سائبیریا کی ہوائیں جب کراچی پہنچتی ہیں تو تب ہی شہر کا موسم سرد ہوتا ہے۔ دوسری جانب ملک کے شمالی علاقوں میں سخت سردی پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 07، سکردو منفی05، زیارت ،بابوسرمنفی03 ،کالام منفی02 اورگلگت میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔