نوجوانو گھروں سے نکلو اور 5دسمبر کو تیرکوکامیاب کرائو‘ راجہ پرویز اشرف

عوام گیس ،بجلی ،دوائوں کی قیمت میں اضافے کیخلاف پیپلز پارٹی کی جنگ میں شامل ہو جائیں‘ این اے 133میں خطاب

اتوار 14 نومبر 2021 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2021ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نوجوانو گھروں سے نکلو اور 5دسمبر کو تیرکوکامیاب کرائو، عوا م گیس،بجلی ،دوائوں کی قیمت میں اضافے کیخلاف پیپلز پارٹی کی جنگ میں شامل ہو جائیں۔وہ یونین کونسل 290اور یونین کونسل 224مین بازار دھلہ بازار میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب اور پی ٹی آئی کے تاجر رہنمائوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بڑے سے بڑے چیلنج میں اسلم گل ثابت قدم رہے ہیں۔اسلم گل نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کا ون ٹو ون مقابلہ ہے،کمر بستہ ہو جائیں،یہ میری،آپکی ،بلاول اور آصف زرداری کی عزت کا معاملہ ہے۔تیر کو جتوانے کے لئے کارکن سے قیادت تک متحد ہیں۔

(جاری ہے)

شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ کندھے سے کندھا ملا کر اسلم گل کو جتوانا ہو گا،ظلم کی سیاہ رات کو روشن دن میں بدلنے کے لئے 5دسمبر کو تیر کے نشان پر مہر لگانا ہو گی۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیربدر کی برسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی لاہور کے صدر و این اے 133سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل نے پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل مرحوم جہانگیر بدر کی برسی کی تقریب میں شرکت کی اور مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لئے مرحوم جہانگیر بدر کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی سے جہانگیر بدر خاندان کی مثالی کمٹمنٹ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔جہانگیر بدر نے اپنی تمام زندگی پیپلز پارٹی اور اس کے کاز کے لئے وقف کر رکھی تھی۔