Live Updates

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، وفاقی کابینہ کا کل جلاس ملتوی کر دیا گیا

یہ کیسا حسن اتفاق ہے جس نوٹری نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کی وہ ہی رانا شمیم کے بیان کی بھی تصدیق کر رہا ہے،فرخ حبیب نواز شریف اور مریم نواز کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ جب آنے والا ہے اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کو بدنام کرنے کی کوشش عدلیہ پر ایک بہت بڑا حملہ ہے

پیر 15 نومبر 2021 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2021ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کل (منگل کو) وفاقی کابینہ کا ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، یہ کیسا حسن اتفاق ہے کہ جس نوٹری نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کی وہ ہی رانا شمیم کے بیان کی بھی تصدیق کر رہا ہے،نواز شریف اور مریم نواز کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ جب آنے والا ہے تو اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کو بدنام کرنے کی کوشش عدلیہ پر ایک بہت بڑا حملہ ہے جو شریف خاندان کی جانب سے کیا گیا ہے،ن لیگ کے ناصر بٹ وغیرہ نے جج ارشد ملک کی جو ویڈیوبنائی تھی آج تک اسے بطور ثبوت کیوں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔

وہ پیر کو وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ غلط بیانی اور دھوکہ دہی ن لیگ کا وطیرہ ہے، ن لیگ ماضی میں عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پرانے طور طریقے اب نہیں چلیں گے، ارشد ملک کی ویڈیو آج تک عدالتوں میں جمع نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے، وزیراعظم عمران خان نے قانون کی بالا دستی کیلئے بہت جدو جہد کی ہے، ہم اتحادیوں کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلے ہیں،ہمارے اتحادی ڈنکے کی چوٹ پر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین، انتخابی اصلاحات میں اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہمیشہ ہمیشہ کیلئے انتخابی دھاندلی کا راستہ روکنے جا رہی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات