جمعہ کے روز دبئی میٹرو ٹرین دیر تک چلے گی‘ آر ٹی اے کا اوقات میں توسیع کا اعلان

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 26 نومبر بروز جمعہ دبئی رن کے لیے میٹرو کے اوقات میں توسیع کردی ، میٹرو سروس صبح ساڑھے 3 بجے شروع ہوگی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 نومبر 2021 12:36

جمعہ کے روز دبئی میٹرو ٹرین دیر تک چلے گی‘ آر ٹی اے کا اوقات میں توسیع ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2021ء ) دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے 26 نومبر بروز جمعہ آئندہ دبئی رن کے لیے میٹرو کے اوقات میں توسیع کا اعلان کردیا ، میٹرو سروس صبح ساڑھے 3 بجے شروع ہوگی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 5 کلومیٹر کا راستہ شارجہ جانے والے شیخ زید روڈ سے شروع ہوتا ہے اور دبئی رن میں شامل ہونے کے خواہشمند شرکاء کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میٹرو اسٹیشن پہنچنا ہوگا جب کہ 10 کلومیٹر کا راستہ ابوظہبی جانے والے شیخ زید روڈ سے شروع ہوتا ہے اور یہاں دبئی رن میں شرکت کے خواہشمند افراد کا امارات ٹاورز میٹرو اسٹیشن تک پہنچنا ضروری ہے جب کہ دبئی رن کے بعد بھی شرکاء قریب ترین میٹرو اسٹیشن کی مدد سے واپس جا سکتے ہیں۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دبئی رن میں شرکاء کی آمد کو یقینی بنانے کے لیے ہم نے جمعہ 26 نومبر 2021 کودبئی میٹرو کے آپریٹنگ اوقات میں اس کی ریڈ اور گرین لائنز دونوں میں توسیع کردی ہے ، جس کے تحت اب میٹرو کا پہلا سفر صبح 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد جمعے کے روز دبئی رن کے لیے ہزاروں کی تعداد میں آنے والے افراد کی قیادت کریں گے ، اس مقصد کے لیے شیخ حمدان عوام پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے دوڑتے ہوئے جوتے باندھیں اور اس ایونٹ کے لیے سڑک پر آئیں جس کا مقصد تجربہ کار ریسرز اور نئے آنے والوں کے لیے یکساں ہے۔

جمعے کے روز سب کی نظریں ایک بار پھر شیخ زید روڈ پر ہوں گی کیوں کہ اس دن دبئی کا مصروف ترین حصہ کاروں سے خالی ہو گا اور اچھے وقت کے تعاقب میں دوڑنے والوں کے ہجوم سے بھرا ہوا ہوگا اور شیخ زید روڈ ایک بار پھر صبح کے لیے رننگ ٹریک میں تبدیل ہو جائے گا۔