پشاور،پہلی کمشنر ڈیرہ ٹوری وزیرستان سائیکل ریس 28 نومبر سے شروع ہو گی

جمعرات 25 نومبر 2021 23:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2021ء) پہلی کمشنر ڈیرہ ٹوری وزیرستان سائیکل ریس 28 نومبر سے شروع ہو گی جو تین مراحل میں ہوگی‘ ریس30 نومبر کو وانا جنوبی وزیرستان میں اختتام پذیر ہو گی۔ریس میں ملک بھر سے 50 سے زائد سائیکلسٹس شرکت کرینگے۔ ریس میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں‘ ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ ڈائریکٹر ضم اضلاع خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی اشتیاق خان اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اور خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثاراحمد نے پریس کانفرنس میں کیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹراشتیاق خان نے کہاکہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن، خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن، ایف سی جنوبی وزیرستان، ضلعی انتظامیہ، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے صوبے کے ضم اضلاع میں ریس منعقد کروا رہے ہیں جس کا مقصد وہاں سیاحت کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

(جاری ہے)

صدر نثاراحمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریس میں ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پاکستان آرڈیننس فیکٹری اوربائیکستان سائیکلنگ اکیڈمی سے سائیکلسٹس شریک ہونگے۔ ریس کا پہلا مرحلہ 28 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان سے شروع ہوگا اور 69 کلومیٹر کے راستہ طے کرتے ہوئے ٹانک کے مقام پر مکمل ہوگا جبکہ دوسرے مرحلے میں 68 کلومیٹر میں سائیکلسٹس ٹانک سے گومل زام ڈیم تک جائینگے۔

ریس کا تیسرا اور آخری مرحلہ 30 اکتوبر کو گومل زام ڈیس سے شروع ہوگا اور وانا جنوبی وزیرستان کے مقام پر اختتام پذیر ہوگاجو 52 کلومیٹر کا ٹریک شامل ہے۔ ریس میں شریک سائیکلسٹس تین مراحل میں کل 189 کلومیٹر کا سفر طے کرینگے۔ ریس میں 3 لاکھ کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ پہاڑی علاقہ ہے ‘موسم بھی ٹھنڈا ہے تاہم تمام انتظامات کئے گئے ہیں اس سے قبل ہم نے ٹور ڈی خنجراب انٹرنیشنل سائیکل ریس کرائی جو 16000 فٹ کی بلندی پر ہے اور اب وزیرستان کی ریس کروا رہے ہیں‘کھلاڑی کل ستائیس نومبر کو ڈی آئی خان پہنچیں گے‘ آرگنائزنگ سیکرٹری نثار احمد ہوں گے ‘پراجیکٹ ڈائریکٹر اشتیاق خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے تحت صوبے کے ضم اضلاع میں سیاحت اور کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

اس سے قبل اورکزئی اور خیبر میں بھی کامیاب سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں کیمپنگ پاڈز کے کامیاب پراجیکٹ کے بعد اب یہ پراجیکٹ ضم اضلاع کی جانب بھی منتقل کرینگے۔ ضم اضلاع میں سیاحوں کیلئے آرام گاہیں، سیاحتی مقامات اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں ان سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر صحت مند سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔