بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل ہی خوفزدہ تھی: انضمام الحق

میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر ویرات کوہلی اور بابراعظم کا انٹرویو دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ کون سی ٹیم زیادہ پریشر میں تھی: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 نومبر 2021 17:15

بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل ہی خوفزدہ تھی: انضمام الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف میچ سے قبل ہی بھارتی ٹیم خوفزدہ تھی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جو کسی بھی ورلڈکپ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں مین ان بلیو کو پہلی شکست تھی۔ پاکستان کی جیت پر ایک جانب جہاں موجودہ و سابق کرکٹرز نے بابر الیون کو خوب داد دی وہیں بھارتی ٹیم کی شکست پر کپتان ویرات کوہلی اور محمد رضوان سے چھکے کھانے والے فاسٹ بائولر محمد شامی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا تھا کہ مجھے یوں محسوس ہوا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف میچ شروع ہونے سے پہلے ہی خوفزدہ تھی، اگر بھارتیوں کی باڈی لینگویج دیکھیں، میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر ویرات کوہلی اور بابراعظم کا انٹرویو دیکھیں تو آپ کو اندازہ ہو جائیگا کہ کون سی ٹیم زیادہ پریشر میں تھی۔

(جاری ہے)

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میچ کے دن ہماری ٹیم کی باڈی لینگویج بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں سے بہت بہتر نظر آئی، کیا ایسا لگ نہیں رہا تھا کہ پہلے اوور میں روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت پریشر میں آگیا تھا، روہت شرما خود بھی اس میچ سے قبل پریشر میں تھے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری بھارتی ٹیم دباؤ میں تھی۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کبھی ایسا نہیں کھیلتی جیسے وہ پاکستان کیخلاف میچ میں نظر آئی، بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے اور اگر ان کی گزشتہ 2، 3 سال کی کارکردگی دیکھیں تو وہ فیورٹ تھے لیکن پاکستان کیخلاف میچ کے بعد بھارت پر اتنا دباؤ آیا کہ وہ دوبارہ اوپر نہ آ سکے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی سپنرز کو بہت اچھا کھیلتے ہیں لیکن پاکستان کیخلاف میچ کے بعد نیوزی لینڈ سے ہونیوالے میچ میں بھی بھارتی ٹیم اس قدر دباؤ میں نظر آئی کہ وہ اش سوڈھی اور مچل سینٹنر کو بھی ٹھیک طریقے سے نہیں کھیل پا رہے تھے۔