مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دنیا کو مؤثر اقدامات اٹھانے ہوں گے‘پاکستانی سینیٹرز

اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو ناصرف برطانیہ بلکہ یورپ سمیت پوری دنیا میں ہر سطح پر اٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں‘راجہ نجابت حسین

اتوار 28 نومبر 2021 14:50

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاکستان سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں سینیٹ کے وفد نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان، کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے سیکرٹری لارڈ قربان حسین، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے دیگر امور کے علاوہ کشمیر کی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستانی سینیٹرز قائد ایوان سینیٹ سینیٹر شہزاد وسیم، سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر فوزیہ ارشد اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دنیا کو مؤثر اقدامات اٹھانے ہوں گے، معصوم اور نہتے کشمیری آئے روز بھارتی درندگی کا شکار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اوورسیز میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مؤثر کردار ادا کیا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر معظم احمد خان نے اوورسیز بالخصوص برطانیہ میں کشمیریوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی تحریک کی حمایت ہر فورم پر کی جائے گی۔ بھارت کے نہتے کشمیریوں پر مظالم پر کوئی بھی خاموش نہیں رہ سکتا۔ اس موقع پر ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ کشمیری جس طرح ہر موقع پر بھارتی ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہر طرح کے ظلم و ستم کے باوجود بھارت کے سامنے جھکے نہیں ہیں۔

ہم ناصرف برطانوی پارلیمنٹ کے اندر بلکہ باہر بھی اور دنیا کے ہر فورم پر اپنی حق خودارادیت کی اس جدوجہد کی حمایت میں آواز بلند کریں گے۔اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز کو ناصرف برطانیہ بلکہ یورپ سمیت پوری دنیا میں ہر سطح پر اٹھانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم اور معاونین ہر مختلف شعبوں میں لابی مہم کے ذریعے برطانیہ، یورپ کی مقامی پارٹیوں، ممبران پارلیمنٹ کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد کو پاکستان کی حکومت اور پارلیمان کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق دنیا کے سامنے لانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

دریں اثناء سینیٹ کے وفد نے بعد ازاں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی دعوت پر برطانوی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران اور شیڈو وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر فوزیہ ارشد اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کے دوران شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین، شیڈو وزیر افضل خان، شیڈو وزیر خالد محمود، ایم پی جیوڈتھ کمنز، لیبر فرینڈز آف کشمیر کے کنوینر لارڈ واجد خان اور دیگر ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر ممبران پارلیمنٹ نے بھی پاکستان و برطانیہ کے باہمی تعلقات، پارلیمانی امور کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھرپور مذمت کی۔