وزیر اعظم پاکستان کی واضح ہدایات کے مطابق ہائی کمیشن کی قونصلر ٹیم نے مشرقی ملائیشین ریاستوں صباح اور سراواک کا 4 روزہ دورہ کیا

3 رکنی قونصلر ٹیم فرسٹ سیکریٹری، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اور قونصلر پر مشتمل تھی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 4 دسمبر 2021 12:55

وزیر اعظم پاکستان کی واضح ہدایات کے مطابق ہائی کمیشن کی قونصلر ٹیم ..
ملائشیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2021ء،نمائندہ خصوصی،محمد وقار خان) وزیر اعظم پاکستان کی واضح ہدایات کے مطابق ہائی کمیشن کی قونصلر ٹیم نے مشرقی ملائیشین ریاستوں صباح اور سراواک کا 4 روزہ دورہ کیا۔ 3 رکنی قونصلر ٹیم فرسٹ سیکریٹری، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اور قونصلر پر مشتمل تھی۔ دورے کے دوران، ٹیم نے کھلی کچہری کا اہتمام کیا، عارضی کیمپ آفس قائم کیے اور مقامی حکام سے ملاقاتیں کی۔

قونصلر ٹیم نے مشرقی ملائیشیا کے چار اہم شہروں کچنگ، کوتا کینابالو، تواؤ اور سمپورنا کا دورہ کیا.

وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے اور قونصلر اور فلاحی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی قیمتی تجاویز لینے کے لیے ہر جگہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ٹیم نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کے لیے ایک انمول اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود اور موثر قونصلر خدمات مشن کی اولین ترجیح ہیں۔ شرکاء کو اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی مختلف خدمات بشمول روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور حال ہی میں پاور آف اٹارنی کی ڈیجیٹلائزیشن کے آغاز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

ہر علاقے میں عارضی کیمپ آفس اور قونصلر خدمات بھی قائم کی گئیں۔ بشمول ایمرجنسی پاسپورٹ کا اجراء، پاسپورٹ کی توسیع، پاور آف اٹارنی کی تصدیق، ڈرائیونگ لائسنس کے لیے معاون خط، شادی کے لیے این او سی وغیرہ ہم وطنوں کو فراہم کیے گئے۔

بہت سے مسائل کو موقع پر حل کیا گیا ۔ امیگریشن، پولیس اور دیگر ریاستی حکام سے ملاقاتوں کے دوران کیمپس، کھلی کچہری کے دوران کمیونٹی ممبران کے مسائل کو اٹھایا گیا۔

ریاستی حکام نے مشرقی ملائیشیا میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی مکمل مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستانی تارکین وطن نے ہائی کمیشن کی طرف سے خاص طور پر مشرقی ملائیشیا کی دور دراز ریاستوں میں انکے مسائل حل کرنے کیلیے عملہ کے اقدامات کو بہت سراہا اور اس سلسلہ میں تعاون کرنے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کیا.